منہاج القرآن کے شہر اعتکاف 2019 کیلئے رجسٹریشن کا آغاز

مورخہ: 01 مئی 2019ء

تحریک منہاج القرآن نے حرمین شیریفین کے بعد دنیا کے سب سے بڑے شہر اعتکاف 2019 کی تیاریاں جامع المنہاج ٹاؤن شپ میں شروع کر دی ہیں۔ ہزاروں مرد و خواتین الگ الگ جگہوں پر اعتکاف بیٹھیں گے۔ حرمین شریفین کے بعد اسلامی دنیا کے سب سے بڑے شہراعتکاف کےلئے کراچی، کوئٹہ، مظفر آباد، سکھر، سندھ، ملتان، فیصل آباد، لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، شمالی علاقہ جات، اندرون سندھ اور بلوچستان میں رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ منہاج القرآن سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں رجسٹریشن کےلئے مرکزی ڈیسک قائم کر دیا گیا ہے، جبکہ آزاد کشمیر سمیت چاروں صوبائی دفاتر میں بھی رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ رجسٹریشن نہ کروانے والے افراد کےلئے جگہ نہیں ہو گی، رجسٹریشن کا عمل 15 رمضان المبارک تک جاری رہیگا۔ بیرونی دنیا سے بھی سینکڑوں معتکفین شہر اعتکاف کے مہمان بنیں گے۔

سیکرٹری شہر اعتکاف 2019 جواد حامد نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر اعتکاف کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے، گرمی اور حبس میں لوڈ شیڈنگ کے باعث ہزاروں افراد کو وضو اور سحری و افطاری کےلئے پانی کی ضرورت ہو گی اس لئے 10 روز کےلئے شہر اعتکاف کو لوڈشیڈنگ سے استثنیٰ دیا جائے۔ شہر اعتکاف کی تیاریاں تزئین و آرائش شروع کر دی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر اعتکاف کے دورے کے موقع پر انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ شہزاد رسول، سعید اختر، الیاس ڈوگر، ثناء اللہ خان، ذیشان بیگ، میاں زاہد جاوید، یونس نوشاہی و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Minhaj-ul-Quran Itikaf City 2019 registration started

خصوصی ہدایات برائے معتکفین شہرِاعتکاف 2019ء

بحمداللہ تعالیٰ اس سال بھی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سنگت میں اور محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری و محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی معیت میں جامع المنہاج بغداد ٹاؤن، ٹاؤن شپ لاہور میں 28 واں شہراعتکاف آباد ہورہا ہے۔ جسے حرمین شریفین کے بعد دنیا کے سب سے بڑے اعتکاف ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ شہر اعتکاف تحریک منہاج القرآن کی پہچان ہے۔ وہ ہزارہا خوش نصیب معتکفین جو امسال اس سعادت سے فیض یاب ہوں گے ان کیلئے مرکز کی جانب سے خصوصی ہدایات دی جارہی ہیں۔ جملہ معتکفین پر اِن ہدایات کی پابندی لازمی ہوگی۔ نیز تنظیمات جن معتکفین کو لے کر آئیں گی اُن سے ان ہدایات پر عمل درآمد کروانا لازم ہو گا۔ جملہ تنظیمات، رفقاء و کارکنان اعتکاف کو کامیاب بنانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

اعتکاف گاہ میں آنے سے پہلے کرنے والے کام

  1. پریشانی سے بچنے کے لئے بروقت ایڈوانس بکنگ کروالی جائے۔ بکنگ پہلے آیئے پہلے پایئے کی بنیا دپر ہوگی۔ اعتکاف گاہ میں گنجائش کے مطابق بکنگ کی جائے گی اور جگہ کی تنگی کے باعث تنظیمات کو کوٹہ الاٹ کیاجائے گا۔ یکم رمضان المبارک تک اگر کوئی تحصیلی تنظیم اپنے کوٹہ کے کوپن نہیں خریدے گی تو اس کا کوٹہ اس کے پاس نہیں رہے گا بلکہ open کر دیا جائے گا۔ معتکفین کی مطلوبہ تعداد مکمل ہونے پر بکنگ بند کردی جائے گی۔ اعتکاف کی بکنگ کیلئے مقامی تنظیم سے رابطہ کریں۔
  2. سات رمضان تک اعتکاف رجسٹریشن فیس 2300 روپے ہوگی اور 15 رمضان تک اعتکاف رجسٹریشن فیس 2700 روپے ہوگی۔ جبکہ 15 رمضان المبارک کے بعد رجسٹریشن نہیں کی جائے گی۔ 5 دنوں کے اعتکاف کی رجسٹریشن فیس 1500 روپے اور 3 دن کے لیے فیس 1000 روپے فی کس ہوگی۔
  3. ضروری سامان ہمراہ لے کر آئیں۔
  4. خواتین چھوٹے بچوں کو ساتھ نہ لائیں۔
  5. کتب، CDs ،DVDs، میموری کارڈز کی خریداری کیلئے رقم ساتھ لائیں مگر رقم اعتکاف گاہ میں موجود بینک میں جمع کروائیں۔
  6. اگر کوئی بیماری ہے تو ڈاکٹر کی رپورٹ اور مکمل ریکارڈ ساتھ رکھیں۔
  7. امیر حلقہ کی ذمہ داریاں سرانجام دینے کی صلاحیت کے حامل افراد کو تیارکرکے لائیں۔
  8. مقامی تنظیم کے ذریعے قبل از وقت مرکز کو اطلاع کریں تاکہ انتظامات بہتر ہو سکیں۔
  9. سیکیورٹی کے پیش نظر اصل قومی شناختی کارڈ ہمراہ لائیں، فوٹو کاپی قابل قبول نہیں ہوگی۔
  10. کوپن صرف اعتکاف گاہ میں داخلے کیلئے ہے، بعد میں کار آمد نہ ہو گا۔
  11. ہر معتکف کیلئے کمپیوٹرائزڈ معتکف کارڈ بنوانا ضروری ہے، جس کیلئے اپنا ڈیٹا 15 رمضان المبارک تک متعلقہ فورم/ مقامی تنظیم کو فراہم کریں۔ (ڈیٹا اینٹری کیلئے فارم نیچے دیئے گئے امیج پر کلک کر کے ڈاؤنلوڈ کریں)

Data Entry form for Itikaf Registration Card

اعتکاف گاہ میں آتے وقت

  1. بروقت آمد (ہجوم اور پریشانی سے بچنے کیلئے 20 رمضان المبارک کی صبح ہی تشریف لے آئیں)
  2. سکیورٹی اور انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں۔
  3. ہر شخص اپنی اور اپنے سامان کی خود چیکنگ کروائے۔
  4. اعتکاف گاہ میں داخلہ ٹوکن کے بغیر نہ ہوگا۔ لہذٰا ایڈوانس بکنگ والے احباب اپنا ٹوکن ہمراہ لائیں۔
  5. اعتکاف گاہ داخلے کے بعد کمپیوٹرائزڈ کارڈ ڈیسک سے اپنا کمپیوٹرائزڈ کارڈ حاصل کریں اور اسے اپنے سینے پر آویزاں کریں، دوران اعتکاف اس کی پابندی کرنا ہر ایک پر لازم ہے۔
  6. موبائل فون اور قیمتی اشیاء بنک میں جمع کرواکر رسید حاصل کریں۔
  7. موبائل لانے سے اجتناب کریں، ضروری رابطہ کے لئے PCO کی سہولت دستیاب ہوگی۔
  8. شہر اعتکاف میں موبائل فون کے استعمال سے معتکفین ڈسٹرب ہوتے ہیں جس سے یکسوئی متاثر ہوتی ہے نیز موبائل فون گم ہونے کی صورت میں انتظامیہ ذمہ دار نہیں ہوگی، آپ خود خیال رکھیں۔

نوٹ: انتظامیہ سے ہر ممکن تعاون فرمائیں تاکہ انتظامیہ آپ کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرسکے۔

دوران اعتکاف

  1. معتکفین پر انتظامیہ کے ساتھ ہر قسم کا تعاون لازم ہو گا۔
  2. کسی قسم کی شکایت کی صورت میں اپنے بلاک انچارج سے رابطہ کریں۔ ہر بلاک میں انتظامیہ کا ڈیسک موجود ہوگا تاکہ آپ کا مسئلہ فوری طور پر حل ہوسکے۔
  3. ڈسپلن کے لیے ضروری ہے کہ ہر معتکف کے پاس جس بلاک کا کارڈ ہے وہ وہیں رہ سکتا ہے۔ دوسرے بلاک میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ آسانی کے لیے ہر بلاک کے کارڈ کا نام اور رنگ دوسرے بلاک سے مختلف ہے۔
  4. آرام کے وقت آرام ضرور کریں تاکہ اگلے دن Fresh ہو کر معمولات سرانجام دے سکیں۔
  5. دیگر معتکفین بالخصوص بزرگوں کا خیال رکھیں اور اعتکاف گاہ میں موجود سہولیات کیلئے بزرگوں کو ترجیح دیں۔
  6. مشکلات زندگی کا حصہ ہیں اور قرب الہی بغیر مشکلات اور صبر کے ممکن نہیں، اس لیے دس روز پیش آنے والی مشکلات کو صبر وتحمل سے برداشت کریں کیونکہ روزے سے برداشت اور صبر کا سبق ملتا ہے۔
  7. کسی مسئلہ کے حل نہ ہونے پر پریشانی کی صورت میں شور شرابہ اور ماحول خراب کرنے کے بجائے انتظامیہ سے رابطہ کریں۔ 8۔ شیڈول کے مطابق نظام پر بہر صورت عمل کریں۔
  8. قرآن و حدیث کی روشنی بکھیرتا ہوا قائد محترم کا خطاب ہی حاصل اعتکاف ہے اس کو کسی قیمت پر Missنہ کریں۔
  9. اعتکاف ایک ایسی سنت ہے جس میں اس کی روح کو مدنظر رکھنا لازمی امر ہے۔ لہذا اعتکاف میں تفریح کیلئے نہ آئیں بلکہ اللہ اور اس کے رسولA کی رضا کے حصول اور گناہوں سے توبہ کیلئے اعتکاف کریں اور اسکے جملہ تقاضے پورے کریں۔
  10. اپنے سامان کی خود حفاظت کریں۔
  11. ایک دوسرے سے حسن سلوک سے پیش آئیں نیز عملی طور پر باہمی مدد، خدمت و قربانی کے جذبے کے ساتھ اعتکاف میں آئیں۔
  12. جن احباب کے ساتھ خواتین بھی آئیں وہ احباب، خواتین اعتکاف گاہ میں ملنے کیلئے جانے یا فون کرنے سے اجتناب کریں۔
  13. صفائی کا خاص خیال رکھیں۔ کوڑا کرکٹ وضو خانہ اور باتھ روم کی جگہ نہ پھینکیں بلکہ کوڑے والے ڈرم میں پھینکیں۔
  14. سیکیورٹی کے پیش نظر اپنے اردگرد کے ماحول اور افراد پر کڑی نظر رکھیں۔ کسی بھی مشکوک فرد یا لاوارث سامان/ شاپنگ بیگ، تھیلا وغیرہ دیکھنے کی صورت میں فوری انتظامیہ کو اطلاع کریں۔
  15. انتظامیہ کی طرف سے جاری فیڈ بیک پروفارمہ اور کوائف فارم ضرور پر کریں۔
  16. دوسروں کیلئے آسانیاں پیدا کریں۔ ایسا کوئی کام نہ کریں جس سے گردو نواح کے معتکفین کو کسی قسم کی تکلیف پہنچے۔
  17. آپ اپنی زکوٰۃ و عطیات اور فطرانہ منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے کیمپ پر جمع کرواسکتے ہیں۔
  18. معتکفین اپنے بلاک کے حلقے میں رہیں صرف نماز کی ادائیگی و خطاب سننے کیلئے مسجد میں تشریف لائیں۔

واپسی

  1. واپسی کیلئے ٹرانسپورٹ کا بندوبست بروقت کریں اور منتظمین کو اپنی ڈیمانڈ 26 رمضان المبارک تک فراہم کر دیں۔
  2. اپنا مکمل سامان ساتھ لے کر جائیں (شیخ الاسلام کے خطابات کی CDs ،DVDs اور کتب زیادہ سے زیادہ اپنے ہمراہ لے کر جائیں)۔
  3. اپنی آسانی کے لئے دوسروں کیلئے مشکلات پیدا نہ کریں۔
  4. اپنے حلقے کی صفائی ضرور کرکے جائیں کیوں کہ عید کے فوراً بعد سکول کے ننھے منے طلباء نے تعلیم کیلئے یہاں آنا ہے۔

خرم نواز گنڈاپور (ناظم اعلیٰ و سربراہ شہر اعتکاف) 0301-5140075
محمد جواد حامد (ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن و اجتماعات و سیکرٹری شہر اعتکاف)
0333-4244365, 0315-3653651, 042-35163843

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Minhaj TV
Quran Reading Pen
Presentation MQI websites
Advertise Here
Top