سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس: انسداد دہشتگردی عدالت میں، مستغیث جواد حامد کا بیان

عمر ورک، ایس پی سلمان، ڈی ایس پی خالد ابوبکر نے ایس ایم جی سے فائرنگ کی
ان کی فائرنگ سے رضوان، خاور نوید، شہباز علی جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے
ایس پی سلمان کے حکم پر ڈاکٹر طاہرالقادری کی رہائش گاہ پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی
ایس پی سلمان نے بلند آواز سے نفری کو حکم دیا منہاج القرآن کو ٹیک اوور کر لیں: جواد حامد کا بیان

Model Town Case

لاہور (20 جولائی 2019ء) سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس کے سلسلے میں مدعی جواد حامد نے انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں اے ٹی سی جج اقبال چدھڑ کی عدالت میں اپنا بیان قلمبند کرواتے ہوئے کہا کہ 17 جون 2014ء کے دن ماڈل ٹاؤن میں ایس پی سی آئی اے عمر ورک نے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی رہائش گاہ کے قریب واقع پی ٹی سی ایل کی بلڈنگ کے پاس کھڑے ہوئے کارکنان پر ایس ایم جی سے فائرنگ کی، ایک فائر خاور نوید کو پیشانی کے دائیں جانب لگا جسے شدید زخمی حالت میں جناح ہسپتال لاہور پہنچایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 19 جون 2014ء کو جاں بحق ہو گیا۔

اس دوران ڈی ایس پی خالد ابوبکر، ڈی ایس پی کاشف خلیل، ڈی ایس پی سی آئی اے میاں شفقت علی، انسپکٹر سی آئی اے بشیر نیاز، انسپکٹر سی آئی اے کینٹ شاہ نواز نے بھی فائرنگ کی جس سے محمد عمر اور متعدد کارکنان زخمی ہوئے، محمد عمر کے پیٹ میں گولی لگی، انسپکٹر شاہ نواز کی فائرنگ سے عبدالقیوم کو پٹ پر گولی لگی، انہوں نے مزید اپنا بیان قلمبند کرواتے ہوئے کہا کہ 17 جون 2014 ء کو ڈی ایس پی عمران کرامت نے رضوان خان کو دائیں کندھے کی پشت پر ایس ایم جی کا فائر مارا، رضوان خان کو شدید زخمی حالت میں جناح ہسپتال لاہور پہنچایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 19 جون 2014ء کے دن جاں بحق ہو گئے، اسی دوران ڈی ایس پی عمران کرامت کے گن مین امجد حسین نے اندھادھند فائرنگ کی، ایک گولی ہارون محمود کی بائیں ٹانگ میں لگی، ایک فائر محمد شکیل وحید کو پاؤں کے ٹخنے پر لگا۔

جواد حامد نے بیان قلمبند کرواتے ہوئے کہا کہ ایس پی سلمان علی خان کے حکم پر عبدالرؤف سب انسپکٹر نے شہباز علی پر فائرنگ کی جس کا ایک فائر شہباز کی گردن پر لگا، اسے بھی شدید زخمی حالت میں جناح ہسپتال لاہور پہنچایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 24 جون کو جاں بحق ہو گیا، اس دوران نوید ہیڈ کانسٹیبل، خرم رفیق ہیڈ کانسٹیبل، ایس پی سلمان کے حکم پر اندھا دھند فائرنگ کرتے رہے اور اس دوران ایس پی سلیمان بآواز بلند حکم دیتے رہے کہ ادارہ منہاج القرآن کو ٹیک اوور کر لیں اور پھر پولیس کی ایک بھاری نفری ادارہ منہاج القرآن کے مرکزی گیٹ پر ٹوٹ پڑی اور افسران بآواز بلند کہتے رہے انہیں وٹے نہیں گولی دینی ہے۔

انہوں نے اپنا بیان قلمبند کرواتے ہوئے کہا کہ ایس پی سکیورٹی سلمان علی کے حکم پر کوٹھی نمبر 303 ایم بلاک کی چھت سے مورچہ بند QRF کے سب انسپکٹر حسن علی نے فائر کیا جو ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی رہائش گاہ کی چھت پر موجود منیر حسین کی ٹھوڑی پر لگا اور ایس پی سکیورٹی سلمان کے حکم پر پولیس اہلکار اندھا دھند ڈاکٹر طاہرالقادری کی رہائش گاہ پر گولیاں برساتے رہے، عدالت میں مخدوم مجید حسین، نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ، انوار اختر ایڈووکیٹ، سردار غضنفر حسین ایڈووکیٹ موجود تھے۔ مزید سماعت آئندہ جمعہ کو ہو گی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top