تحریک منہاج القرآن کے 39ویں یوم تاسیس کی تقریب

قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج القرآن کے 39ویں یوم تاسیس پر پاکستان سمیت دنیا بھر کے کارکنان، ذمہ داران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام کو دہشتگردی سے جوڑنے کے مذموم ایجنڈے کو شکست ہوئی، تحریک منہاج القرآن نے دہشت گردی کو اسلام سے جوڑنے کے جھوٹے اورتعصب پر مبنی پراپیگنڈے کو قرآن و سنت کی تعلیمات کی روشنی میں رد کیا، تحریک منہاج القرآن نے پوری دنیا کے مسلم اور غیر مسلم معاشروں کو بتایا کہ اسلام دہشت گردی نہیں انسانیت کے احترام و بقاء کی ضمانت دیتا ہے، تحریک منہاج القرآن دین مصطفوی پر ہونے والے خارجی حملوں کا ڈٹ کر مقابلہ کررہی ہے، نوجوانوں کو علم، امن اور عمل کے راستے پر ڈالنے کے لیے برسرپیکار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور میں منعقدہ یوم تاسیس کی مرکزی تقریب سے کینیڈا سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کیا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے اسلاف کے علمی، روحانی کردار اور اقدار کا احیاء کیا ہے۔ تحریک کی عالمگیر اصلاحی، تجدیدی کاوشوں سے دنیا بھر کے مسلم نوجوان خدمت دین کی طرف راغب ہوئے۔ آج سے 39 سال قبل خدمت دین اور خدمت انسانیت کے جن مقاصد کےلئے تحریک منہاج القرآن کی بنیاد رکھی گئی تھی۔ اللہ تعالیٰ نے ان تمام مقاصد کے حصول میں بے مثال کامیابی و کامرانی سے نوازا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے انجام دی جانیوالی کارکنان کی خدمات کو شرف قبولیت سے نوازے، اجر عظیم عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کی39 سالہ جدوجہد کے ذریعے امت مسلمہ کو عدل، اعتدال، عقیدے کی اصلاح، وسعت قلب و نظر اور اسلام کے مزاج کے ساتھ طبیعتوں کا ہم آہنگ ہونا ملا۔

دریں اثناء تحریک منہاج القرآن کا 39واں یوم تاسیس پاکستان سمیت دنیا کے 100 سے زائد ممالک میں جوش و خروش سے منایا گیا، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی چاردہائیوں پر مشتمل انتھک جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے دنیا کے 6 براعظموں میں سیمینارز اور تاسیسی تقاریب کا انعقاد کیا گیا جن میں ہر جگہ وابستگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور تجدید عہد کیا، ان تقاریب میں قائد منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت اور درازی عمر کی دعائیں کی گئیں، کیک کاٹے گئے۔

مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ہونے والی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ 1980ء کی دہائی میں داتا کی نگری سے تحریک منہاج القرآن کا آغاز ہوا، آج تحریک منہاج القرآن تنظیمی نیٹ ورک کے اعتبار سے بلاشبہ دنیا کی سب سے بڑی تحریک بن چکی ہے، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری پوری دنیا میں دین اسلام کی حقیقی تعلیمات کو فروغ دے رہے ہیں، تحریک منہاج القرآن اصلاح احوال، علم اور امن کے فروغ کی عظیم انقلابی وتجدیدی تحریک ہے۔

تقریب میں نائب صدر تحریک منہاج القرآن بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، نائب ناظم اعلیٰ انجینئر محمد رفیق نجم، احمد نواز انجم، ڈائریکٹر فارن افیئرز جی ایم ملک، سید الطاف شا ہ گیلانی، جواد حامد، عائشہ مبشر، ام حبیبہ، کلثوم جاوید، طیب ضیاء، ایوب انصاری، قاری ریاست و دیگر رہنما موجود تھے۔ یوم تاسیس کی تقاریب میں ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت اور درازی عمر کی دعا کی گئی۔ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں مختلف شعبہ جات کی طرف سے کیک کاٹے گئے، ملکی خوشحالی اور سلامتی کے لیے دعائیں کی گئیں، علامہ امداد اللہ قادری، علامہ رانا محمدادریس، سید فرحت حسین شاہ، علامہ میر آصف اکبر، مظہر علوی، عرفان یوسف، فرح ناز، سید امجد علی شاہ، شہزاد رسول چودھری، سہیل احمد رضا، حافظ غلام فرید، اشتیاق حنیف مغل و دیگررہنماؤں نے 39ویں یوم تاسیس پر کارکنوں کو مبارکباد دی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Minhaj TV
Quran Reading Pen
We Want to CHANGE the Worst System of Pakistan
Presentation MQI websites
Advertise Here
Top