صوفیا نے اپنے کردار سے گلی کوچوں تک اسلام کی روشنی پھیلائی: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

مورخہ: 15 اگست 2021ء

خود کو مخلوق خدا کیلئے وقف کر دینے والوں کے ذکر کواللہ زندوہ و جاوید کر دیتا ہے
حضرت بابا فرید الدین گنج شکر ؒ عظیم صوفی بزرگ تھے: چیئرمین سپریم کونسل

لاہور (15 اگست 2021) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے برصغیر کے عظیم صوفی بزرگ اور اہل للہ حضرت بابا فرید الدین گنج شکر ؒ کے 779 ویں عرس کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ جو اہل ایمان خود کو اللہ اور اسکی مخلوق کیلئے وقف کر دیتے ہیں اللہ ان کے ذکر و زندہ و جاوید کر دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت بابا فرید الدین گنج شکر ؒجیسے صوفیا کرام اور اولیائے اللہ کے انسانیت دوست کردار کے باعث اسلام کی روشنی برصغیر کے گلی کوچوں تک پھیلی اور لاکھوں انسان ایمان کی دولت سے مالامال اورجام توحید سے فیض یاب ہوئے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ کرہ ارض کی مستند ترین کتاب جس کا حرف حرف حکمت و دانائی کا مخزن ہے اس قرآن مجید کی پہلی سورۃ مبارکہ میں اللہ رب العزت نے مومنین کو کلمہ نصیحت ارشاد فرماتے ہوئے تعلیم دی کہ ہمیشہ ان کے راستے پر چلنے کی آرزو کروجو اللہ کے منظور نظر اور انعام یافتہ بندے ہیں۔ حضرت بابا فرید الدین گنج شکر ؒ بھی انہی ہستیوں میں سے ہیں جن پر اللہ کے فضل کی صبح و شام بارش ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ساڑھے 7 سو سال میں برصغیر میں بڑے بڑے بادشاہ اور صاحب اقتدار آئے اور پھر چلے گئے ان بادشاہوں کی قبور سے آج دنیا واقف نہیں ہے مگر حضرت بابا فرید الدین گنج شکر ؒ ہوں یا حضرت داتا علی ہجویری ؒ، خواجہ غلام فرید ؒ کوٹ مٹھن والی سرکار ہوں یا حضرت بابا بلھے شاہ، خواجہ معین الدین چشتی اجمیری ؒ ہوں یا مولائے روم اللہ نے ان عظیم ہستیوں کی قبور کو در مرجع خلائق بنا دیا جہاں صبح شام ہزاروں لوگ ہاتھ باندھ کر کھڑے ہوتے اور نعلین پاک کے تصدق سے علم و عمل اور ہدایت کی خیرات مانگتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر کلمہ گو مسلمان کو چاہیے کہ وہ اپنے ایمان کی سلامتی و استحکام کیلئے اللہ کے انعام یافتہ بندوں کے نقش قدم پر چلنے کیلئے دعا کرے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top