نوجوان سوشل میڈیا کا مثبت استعمال کریں: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

مورخہ: 13 جون 2023ء

سوشل میڈیا کے ذریعے زندگیاں بنتی بھی ہیں اور تباہ بھی ہوتی ہیں
اعتدال اور تقویٰ کے ساتھ زندگی بسر کرنے والے کبھی صراط مستقیم سے نہیں ہٹتے
شیخ الاسلام کی 628 کتب شائع ہو چکی ہیں: کالج آف شریعہ کے طلبہ سے گفتگو

Dr Hassan Qadri Meeting With COSIS Students

لاہور (13جون 2023ء) چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے طلبہ کی فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اعتدال اور تقویٰ کے ساتھ زندگی گزارنے والے کبھی صراط مستقیم سے پیچھے نہیں ہٹتے۔ نوجوان سوشل میڈیا کا مثبت استعمال کریں، سوشل میڈیا کے استعمال سے زندگیاں بنتی بھی ہیں اور تباہ بھی ہوتی ہیں۔


اللہ رب العزت نے حضور نبی اکرم ﷺ کی امت کو اعتدال والی امت قرار دیا ہے، یعنی امت محمدیہ کسی بھی معاملے میں حد سے تجاوز نہیں کرتی اسی لئے نوجوان سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے توازن کو ہر گز نہ کھوئیں۔ سوشل میڈیا کو اپنے اوپر مسلط نہ کریں، وقت کی قدر کریں اور زمانہ طالبعلمی کا ہر لمحہ حصول علم پر صرف کریں۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ وقت کو بے دردی سے ضائع کرنے والے خود بھی ضائع ہو جاتے ہیں، وقت سب سے قیمتی متاع ہے۔ اللہ رب العزت نے وقت کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے اس کی قسم بھی کھائی ہے، جو وقت کو استعمال کر کے نافع علم کے ساتھ منسلک کر لیتے ہیں دونوں جہانوں میں کامیاب ٹھہرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عمر بھر وقت کی قدر کی اور عبادت و ریاضت کے ساتھ مصروف مطالعہ رہے، آج بھی 24 گھنٹے کا غالب حصہ مطالعہ میں بسر کرتے ہیں، ان کی 628 سے زائد کتب شائع ہو چکی ہیں اگر اس میں دیگر زبانوں میں ہونے والے تراجم شامل کر لئے جائیں تو یہ تعداد 12 سو سے تجاوز کر جاتی ہے۔ شیخ الاسلام کا نوجوانوں کیلئے بھی پیغام ہے کہ وقت کی قدر کریں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top