کرسمس امن، محبت، رواداری اور انسان دوستی کا عالمی پیغام دیتا ہے: سہیل احمد رضا

بین المذاہب ہم آہنگی اور باہمی احترام وقت کی اہم ضرورت ہے، کرسمس پر مسیحی برادری کو مبارکباد
اسلام دوسرے مذاہب کے ماننے والوں کومکمل حقوق فراہم کرتا ہے: ڈائریکٹرمنہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنز

23 december public awareness gathering khurram nawaz gandapur Message

لاہور (24 دسمبر 2025) ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل سہیل احمد رضا نے پاکستان سمیت دنیا بھر کی مسیحی برادری کو حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے یومِ ولادت (کرسمس) کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرسمس امن، محبت، رواداری اور انسان دوستی کا عالمی پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی، برداشت اور باہمی احترام کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کرسمس کا پیغام دراصل انسان دوستی، ایثار اور سماجی ہم آہنگی کا پیغام ہے جو موجود دور میں مزید اہمیت اختیار کر چکا ہے۔ دین اسلام تمام انبیا کرام پر ایمان کا درس دیتا ہے۔ تحریک منہاج القرآن نے ہمیشہ بین المذاہب مکالمہ، مذہبی آزادی اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کےلئے کام کیا ہے۔ پاکستان میں مسیحی برادری نے تعلیم، صحت اور سماجی خدمت کے شعبوں میں قابل قدر خدمات انجام دی ہیں۔

سہیل احمد رضا نے کہا کہ دین اسلام دیگر مذاہب کے ماننے والوں کے ساتھ رواداری، محبت اور حسنِ سلوک کا درس دیتا ہے۔ اگر حضور نبی اکرم ﷺ اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات کو عملی طور پر اپنایا جائے تو دنیا سے نفرت، تعصب اور انتہا پسندی کا خاتمہ ممکن ہے اور عالمی سطح پر امن و سکون قائم ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن، بھائی چارے، مساوات اور سماجی و معاشی انصاف کے قیام میں مذاہب کا بنیادی اور مؤثر کردار ہے۔ تمام الہامی ادیان انسانیت کی فلاح، معاشرتی توازن اور عدل و انصاف کے قیام کی تعلیم دیتے ہیں، جو کسی بھی پُرامن معاشرے کی بنیاد ہیں۔

ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضانے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے مبعوث کیے گئے تمام انبیاء کرام نے انسانیت، حقوق العباد اور اخلاقی اقدار کا پیغام دیا۔ سہیل احمد رضا نے کہا کہ اسلام وہ دین ہے جو دوسرے مذاہب کے ماننے والوں کو ان کے مکمل حقوق فراہم کرتا ہے اور باہمی احترام کی ضمانت دیتا ہے۔ کرسمس محبت، پیار اور خیر سگالی کا تہوار ہے، اس موقع پر مسیحی برادری کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top