شب برأت خود احتسابی کا درس دیتی ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

دلوں کو نفرت، بغض اور کینہ سے پاک کرنا شب برات کا پیغام ہے: بانی و سرپرست اعلیٰ منہاج القرآن

شب برأت خود احتسابی کا درس دیتی ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

لاہور (2 فروری 2026) بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے شب برات کی فضیلت و روحانی عظمت پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یہ وہ عظیم الشان اور نورانی رات ہے جس میں اللہ ربّ العزّت ﷻ اپنی بے حد و حساب رحمتوں کے دروازے کھول دیتا ہے۔ یہ رات بندگی، توبہ، رجوع الی اللہ اورخود احتسابی کی رات ہے۔ اس شب بندوں کے اعمال پیش کئے جاتے ہیں، رزق، عمر اور امورِ تقدیر کے فیصلے صادر ہوتے ہیں اور ربِّ کریم اپنے فضل سے مخلوق کے گناہوں کی بخشش فرماتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ شب برات انسان کو اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع، گناہوں سے توبہ اور اپنی زندگی کو نیکی کے راستے پر ڈالنے کا بہترین موقع فراہم کرتی ہے۔ اس رات کو عبادت، دعا، ذکر الہیٰ اور استغفار کے ذریعے گزار کر اللہ تعالیٰ کی رضا اور قرب حاصل کیا جا سکتا ہے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے مزید کہاکہ شب برات ہمیں یہ درس دیتی ہے کہ انسان اپنے اعمال کا محاسبہ کرے۔ دلوں کو حسد، کینہ، بغض اور نفرت سے پاک کرے۔ اللہ تعالیٰ کی اطاعت و بندگی کی طرف سچے دل سے لوٹے۔ یہ رات نیکی کی تجدید اور اصلاح و احوال کی رات ہے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے امت مسلمہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ اس بابرکت رات کو فضول مصروفیات اور غیر ضروری سرگرمیوں میں ضائع کرنے کی بجائے قرآن مجید کی تلاوت، نوافل، درود و سلام، ذکر اور دعائوں میں گزارا جائے۔ انہوں نے کہاکہ شب برات کا اصل پیغام یہی ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو بخشنے کے مواقع فراہم کرتا ہے لہذا ہر مسلمان کو چاہئے کہ وہ اخلاص کے ساتھ توبہ کرے اور اللہ تعالیٰ سے دنیا و آخرت کی بھلائی طلب کرے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top