تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام دروسِ عرفان القرآن کا سلسلہ جاری

ہزاروں مرد و خواتین کی شرکت، علمِ دین اور خاندانی نظام کی اہمیت پر خطابات
اسلامی تعلیمات مضبوط خاندانی نظام کی بنیاد ہیں: علامہ احسن اویس مصطفوی
علم دین انسان کو اعتدال اور بصیرت عطا کرتا ہے: علامہ ڈاکٹر عبد القدوس درانی
ایمان ، اخلاص اور اعمال صالحہ فلاح دارین کا راستہ ہیں: علامہ شاہد اقبال یوسفی
قرآن سے وابستگی اور محبت اہل بیت ایمان کی مضبوطی کا ذریعہ ہے: علامہ غلام شبیر جامی

لاہور (28 فروری 2026) تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں میں دروسِ عرفان القرآن کا سلسلہ جاری ہے۔ نمازِ فجر کے بعد منعقد ہونے والے ان روحانی و فکری اجتماعات میں ہزاروں مرد و خواتین شرکت کر رہے ہیں۔ مختلف نشستوں میں جید علماء و خطباء نے معاشرتی اصلاح، خاندانی نظام، علمِ دین اور محبتِ اہلِ بیت کے موضوعات پر خطابات کئے۔ تحریک منہاج القرآن لاہور عزیز بھٹی ٹائون کے زیرِاہتمام 5روزہ دوروس عرفان القرآن کی پہلی نشست سے پروفیسر احسن اویس مصطفوی نے ’’معاشرے کی تشکیل میں زوجین کا کردار‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کی تعمیر کا بنیادی ستون مضبوط خاندانی نظام ہے، اور خاندانی نظام کی بنیاد میاں بیوی کے باہمی تعلق پر قائم ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے نکاح کو محض سماجی معاہدہ نہیں بلکہ ایک مقدس امانت قرار دیا ہے۔ اگر زوجین محبت، برداشت، مشاورت اور تقویٰ کے ساتھ زندگی گزاریں تو ایک صحت مند اور بااخلاق معاشرہ تشکیل پاتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ دور کے خاندانی مسائل کا حل اسلامی تعلیمات میں مضمر ہے۔

دوسری نشست سے علامہ ڈاکٹر عبد القدوس درانی نے ’’علم دین انسان کی حقیقی ضرورت‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور کے فکری انتشار اور اخلاقی بحران میں دینی علم انسان کو درست سمت عطا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علمِ دین صرف معلومات کا مجموعہ نہیں بلکہ کردار سازی اور بصیرت کا سرچشمہ ہے۔ جب انسان قرآن و سنت کی تعلیمات سے رہنمائی لیتا ہے تو اسے زندگی کے ہر شعبے میں اعتدال اور ذمہ داری کا شعور حاصل ہوتا ہے۔ تیسری نشست سے علامہ شاہد اقبال یوسفی نے ’’فلاحِ دارین کا راز‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی کامیابی وہ ہے جو انسان کو دنیا اور آخرت دونوں میں سرخرو کرے۔ انہوں نے کہا کہ ایمانِ کامل، اخلاصِ نیت اور اعمالِ صالحہ فلاح کا حقیقی راستہ ہیں۔ تقویٰ، صبر اور شکر جیسے اوصاف انسان کی زندگی کو سنوارتے ہیں جبکہ اخلاقِ حسنہ اور دیانت داری معاشرتی فلاح کی بنیاد ہیں۔

28 فروری کو منعقدہ چوتھی نشست سے علامہ غلام شبیر جامی نے ’’ایمان، قرآن اور اہلِ بیت‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید ہدایت کا مکمل ضابطۂ حیات ہے اور اہلِ بیت اطہار کی سیرت اس کی عملی تفسیر پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخِ اسلام گواہ ہے کہ جب بھی امت نے قرآن اور اہلِ بیت کی تعلیمات کو مضبوطی سے تھاما اسے عزت اور استحکام نصیب ہوا۔ نوجوان نسل کو فکری انتشار سے بچانے کے لیے تعلیماتِ قرآن اور اسوۂ اہلِ بیت پر عمل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ دروسِ عرفان القرآن میں منہاج القرآن علماء کونسل، منہاج القرآن یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ اور منہاج القرآن ویمن لیگ کے عہدیداران، کارکنان اور عوام الناس کی بڑی تعداد شریک ہو رہی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top