روزہ سے نظم و ضبط والی زندگی میسر آتی ہے، ڈاکٹر حسن قادری
اللہ کی ہر تخلیق اپنے افعال میں نظم رکھتی ہے، جامع شیخ الاسلام میں خطاب

لاہور (6مارچ 2026) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن لاہور میں جمعۃ المبارک کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کی تخلیق کردہ ہر چیز میں نظم اور ربط ہے، اللہ نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا انسان کو ملنے والی یہ فضیلت ربط اور ضبط کی وجہ سے ہے،انسان انس اور نسیان کا مجموعہ ہے، یعنی وہ محبت کے جذبات بھی رکھتا ہےاور اس کی بھولنے کی بھی صفت ہے، اللہ انسان سے چاہتا ہے کہ انسان ہر اس چیز سے محبت کرے جو میری ہے اور اسے بھول جائے جو میری نہیں ہے، انسان کی پہچان شان نظم اور شان ترتیب ہے یعنی مومن ڈسپلن والا ہوتا ہے وہ اپنے شب و روز میں بے ترتیب نہیں ہوتا، اللہ کی کوئی تخلیق نظم کے بغیر نہیں تو اشرف المخلوقات بغیر نظم کے کیسے ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو انسان نفسانی خواہشات پر قابو پالیتا ہے وہ قرآن کے بیان کردہ انسانیت کے بلند تر مقام پر فائز ہو جاتا ہے۔ زبان اور شرم گاہ کی حفاظت کرنے والوں کےلیے جنت کا تحفہ ہے۔ پروفیسرڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہاکہ انسان کا زبان اور الفاظ کے استعمال میں محتاط ہونا زبان کا نظم و ضبط ہے۔ بولتے ہوئے خوبصورت اور نرم الفاظ استعمال کریں، اپنے تلخ اور ترش لفظوں سے دوسروں کی روحوں کو زخمی نہ کریں، اگر اچھا بولنے پر اختیار نہیں ہے تو پھر خاموش رہنا بہتر ہے اللہ کو مومن کی خاموشی بھی پسند ہے، حضور صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا خاموشی بھی عبادت ہے یہ انسانی زندگی سے تعلق رکھنے والے یہ سارے افعال نظم و ضبط اور ربط سے تعلق رکھتے ہیں جب انسان ربط اور نظم و ضبط کھو دیتا ہے تو پھر وہ اپنے لیے بھی نقصان دہ ہو جاتا ہے اور دوسروں کے لیے بھی ضرر رساں ہو جاتا ہے۔


















تبصرہ