جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن میں تقریبِ تقسیم انعامات کا انعقاد

مورخہ: 06 مئی 2026ء

تزکیہ نفس کے بغیر کامیابی ممکن نہیں: ڈاکٹر حسین قادری
پرامن معاشرے کے قیام کے لیے تعلیمی اداروں کو تربیتی مراکز بنانا ہوگا
نوجوان اصلاح باطن کے ذریے علم کے حقیقی ثمرات حاصل کریں: صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل
تقریب میں ڈاکٹر حسین قادری کو “سائن آف پیس ایوارڈ” ملنے پر مبارکباد دی گئی
حاجی عبد الغفور، ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، مفتی عبد القیوم ہزاروی، ڈاکٹر رفیق نجم، بریگیڈئیر(ر) عمر حیات کی شرکت

Dr Hussain Qadri Addressing Prize Distribution Ceremony at COSIS 2026

لاہور (6 مئی 2026) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کی تقریبِ تقسیمِ انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تزکیۂ نفس انسانی فلاح و کامیابی کی بنیاد ہے۔ طلبہ اپنے قلب و ذہن کو گناہوں، حرص و ہوس اور اخلاقی آلودگیوں سے پاک رکھنے کی مسلسل کوشش کریں۔ تقریب کے آغاز میں پرنسپل جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے مہمانان گرامی کو خوش آمدید کہا اور ادارے کی تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ تزکیۂ نفس اور اصلاحِ احوال درحقیقت نبوی مشن ہے، اور حضور نبی اکرم ﷺ کی پوری حیاتِ طیبہ انسانوں کے اخلاق و کردار کو سنوارنے، نظم و ضبط اپنانے اور اخلاص کے ساتھ اللہ کی عبادت کرنے کا عملی نمونہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا ذکر اور نماز جیسی عظیم عبادات بھی اسی وقت نفع بخش ثابت ہوتی ہیں جب دل ہر قسم کی آلائشوں سے پاک ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ اللہ کے راستے میں جان و مال کے ساتھ جہاد کو جہادِ اصغر جبکہ اپنے نفس کے خلاف جدوجہد کو جہادِ اکبر قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ علم کے حصول سے قبل اپنے دل و دماغ کو رذائل سے پاک کریں، کیونکہ پاکیزہ قلب ہی علم کے حقیقی اثرات کو قبول کرتا ہے اور اسے روح و باطن میں منتقل کرتا ہے۔ انہوں نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی،تحقیقی و فکری خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی پوری زندگی دینِ اسلام کی تعلیمات کے فروغ، درس و تدریس اور تصنیف و تالیف کے لیے وقف کیے رکھی۔ شیخ الاسلام کی کاوشوں نے مشرق و مغرب میں اسلام کے سنہری اصولوں اور سیرتِ نبوی ﷺ کو ایک مثالی رہنمائی کے طور پر اجاگر کیا۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ شیخ الاسلام کے کردار سے رہنمائی حاصل کریں اور امتِ مسلمہ کے لیے خیر و بھلائی کا ذریعہ بنیں۔ اس موقع پر جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کی جانب سے پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کو اٹلی کی جانب سے ملنے والے “سائن آف پیس ایوارڈ” ملنے پر مبارکباد اور شیلڈ پیش کی گئی۔

تقریب میں حاجی عبد الغفور، مفتی عبد القیوم ہزاروی، ڈاکٹر رفیق نجم، بریگیڈئیر(ر) عمر حیات، نور اللہ صدیقی، ڈاکٹر محمد اکرم رانا، پروفیسر نواز ظفر، محب اللہ اظہر، ڈاکٹر شبیر احمد جامی، صابر حسین نقشبندی، ڈاکٹر شفاقت علی بغدادی، ڈاکٹر فیض اللہ بغدادی، پروفیسرڈاکٹر مسعود احمد مجاہد، ڈاکٹر الیاس اعظمی، حافظہ سحر عنبرین، عائشہ مبشر، رافعہ فاطمہ، اقرا مبین، وردہ ناز سمیت و اساتذہ کرام،طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top