حق پر ڈٹے رہنا فلسفہ شہادت امام حسین ؑ ہے: پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری
صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل کاآسٹریلیا میں تاریخی’’ ذکر حسین ؑ کانفرنس‘‘ سے خطاب
پاکستان سمیت دیگر ممالک کی مسلم کمیونٹی اور مختلف تنظیموں کے نمائند وں کی بھرپور شرکت

لاہور(21جون 2026)منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے آسٹریلیا میں’’ذکر امام حسین ؑ کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حق پر ڈٹے رہنا فلسفہ شہادت امام حسین ؑ ہے۔ سر جھکانے سے سروں پر دنیا کے تاج اور سر اٹھانے سے سر، دار پر سجتے ہیں۔ امام عالی مقام نے جان مال کی قربانی دے کر نہ صرف تربیت تاجدار کائنات کا عملی اظہار کیا اور آپ کی مبارک سنتوں اور فرامین کو زندہ کیا بلکہ دین کی مٹتی ہوئی اقدار کو وقار دیا۔ آپ نےیزید کے باطل اقتدار کو ٹھوکر مار کر قیامت تک کےلئےانسانیت اور دین متین کو سر بلند کر دیا۔ آج نواسہ رسول کے نام لیوا معتبر اور یزید کے حواری گالی ہیں۔
انہوں نے شرکائے کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اہل بیت اطہار سے محبت خواہش کا معاملہ نہیں یہ ایمان کا معاملہ ہے کیونکہ حضور نبی اکرم ﷺ نے تاقیامت آنے والے انسانوں کو یہ تعلیم دی ہے کہ قرآن اور میری عترت سے جڑے رہو گے تو کبھی گمراہ نہیں ہو گے۔ انہوں نے نوجوانوںکو بھی نصیحت کی کہ سوشل میڈیا پر یوٹیوبر مبلغین کے ان بیانیوں کو مت سنیں جن سے اہل بیت اطہار کی محبت و مودت میں کجی آئے۔ اس دور میں ہم بہت سارے فتنوں کا سامنا کر رہے ہیں خانوادہ رسول ﷺ کی محبت کو کم کرنے والے فتنے نے بھی سر اٹھایا ہوا ہے،اس فتنے کی سرکوبی بھی ہم پر لازم ہے، جس کےلئے لازم ہے کہ آپ دلجمعی کے ساتھ سیرت امام حسنؑ و حسین ؑ کا بھی مطالعہ کریں۔
انہوں نے مزید کہاکہ اگر آپ واقعہ کربلا کے پس منظر کو مصدقہ قرآن و سنت کے حوالہ جات کے ساتھ سمجھنا چاہتے ہیں تو اس ضمن میں شیخ الاسلام کی تصنیف کردہ کتب کو پڑھیں۔ اس موقع پر سید زبیب مسعود شاہ بخاری، ظہیر علوی، علامہ جاوید ملک، سید وقار شاہ، ڈاکٹر شہباز چوہدری، ڈاکٹر مجید گوندل، ڈاکٹر ظہور احمد، ڈاکٹر سعید انور، رانا شاہد اور مختار احمد خان نے عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ کانفرنس میں صدر منہاج القرآن وکٹوریہ محسن شفیق، ڈائریکٹر فرخ حسین، جنرل سیکرٹری سید شاہ رفیع الدین قادری، جنرل سیکرٹری MAPC میاں محمد واثق سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔


















تبصرہ