حسنین کریمینؑ سے محبت ہی محبتِ رسول ﷺ کی پہچان ہے: پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
حسنین کریمینؑ کے بارے میں بغض تاجدارِ کائنات ﷺ کو اذیت پہنچاتا ہے
قرآن اور اہلِ بیتؑ سے وابستگی امت کے استحکام کی ضمانت ہے: چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل

لاہور (22 جون 2026) چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ اور اس کے محبوب رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کا حق دار بننے کے لیے حسنین کریمین حضرت امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام اور حضرت امام حسین علیہ السلام سے محبت کرنا ضروری ہے۔ حسنین کریمینؑ کے بارے میں بغض اور عداوت تاجدارِ کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اذیت پہنچانے کے مترادف ہے، جبکہ ان سے محبت ایمان، قربِ الٰہی اور رضائے مصطفیٰ ﷺ کے حصول کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہِ محرم الحرام امتِ مسلمہ کے لیے ہدایت، محبتِ اہلِ بیت اطہار علیہم السلام، تجدیدِ عہدِ وفا اور حق پر استقامت کا عظیم پیغام لے کر آتا ہے۔ اہلِ بیت اطہار علیہم السلام سے سچی محبت اور قرآن مجید سے مضبوط وابستگی انسان کو فکری گمراہی، انتشار اور فتنوں سے محفوظ رکھتی ہے اور اسے قربِ الٰہی کی منزلوں تک پہنچاتی ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کی محبت محض جذباتی وابستگی نہیں بلکہ دینِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ وفاداری، حق پر ثابت قدمی اور باطل قوتوں کے سامنے ڈٹ جانے کے عزم کا نام ہے۔ واقعۂ کربلا تاریخِ اسلام کا وہ درخشاں باب ہے جس نے حق و باطل کے درمیان ہمیشہ کے لیے واضح خطِ امتیاز قائم کر دیا۔ نواسۂ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے وفادار ساتھیوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے دینِ اسلام کی حقیقی روح اور مصطفوی تعلیمات کو رہتی دنیا تک محفوظ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن اور اہلِ بیت اطہار علیہم السلام کی محبت اور تعلیمات پر عمل ایمان کی تکمیل کا ذریعہ ہے۔ جو لوگ خلوصِ نیت کے ساتھ اہلِ بیتؑ سے محبت کرتے اور ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہیں اللہ تعالیٰ انہیں دنیا و آخرت میں بے شمار روحانی برکتوں، رحمتوں اور بلند درجات سے نوازتا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے مزید کہا کہ محرم الحرام کا اصل پیغام صبر، ایثار، قربانی، وفاداری اور حق پر استقامت ہے۔ حضرت امام حسین علیہ السلام کی عظیم قربانی آج بھی امتِ مسلمہ کو ظلم، جبر اور ناانصافی کے خلاف آواز بلند کرنے اور حق و صداقت کا پرچم سربلند رکھنے کا درس دیتی ہے۔ قرآن حکیم اور اہلِ بیت اطہار علیہم السلام سے وابستگی ہی امت کے اتحاد، فکری رہنمائی، روحانی استحکام اور دائمی کامیابی کی ضمانت ہے۔


















تبصرہ