منہاج القرآن علماء کونسل و نظام المدارس پاکستان کے زیراہتمام ’’وحدتِ امت کانفرنس‘‘ کا انعقاد
علمائے کرام محبت،رواداری اور اتحاد امت کے سفیر بنیں: ڈاکٹر میر آصف اکبر قادری
سیدنا امام حسین ؑ کی تعلیمات صبر، استقامت اور حق گوئی کا درس دیتی ہیں: مفتی غلام اصغر صدیقی
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہمیشہ اتحاد امت کی فکر کو فروغ دیا: مقررین

لاہور(23جون 2026)منہاج القرآن علماء کونسل اور نظام المدارس پاکستان کے زیراہتمام’’ شہادتِ سیدنا امام حسینؓ اوروحدتِ امت کانفرنس‘‘ دارالعلوم جامعہ محمدیہ لاہور میں منعقد ہوئی۔ کانفرنس کی صدارت صدر منہاج القرآن علماء کونسل و نظام المدارس پاکستان مفتی غلام اصغر صدیقی نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی ناظمِ اعلیٰ نظام المدارس پاکستان علامہ ڈاکٹر میر آصف اکبر قادری تھے۔
کانفرنس میں چیئرمین وفاق المدارس رضویہ علامہ ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان، رہنما تحریک وحدتِ امت و جامعہ عروۃ الوثقیٰ لاہور کے علامہ ڈاکٹر ذوالفقار حیدر، خطیب جامع مسجد داتا دربار لاہور علامہ مفتی مختار ندیم، صدر مجمع علوم اسلامیہ جامعہ الرشید پنجاب حضرت مفتی زبیر فہیم، ناظم منہاج القرآن علماء کونسل علامہ پیر محمد اشفاق علی چشتی، صدر منہاج القرآن علماء کونسل لاہور علامہ محمد رفیق قادری رندھاوا، صدر سنی علماء کونسل لاہور علامہ مفتی محبوب احمد صدیقی، صدر بھاگ علی شاہ ریسرچ انسٹیٹیوٹ علامہ پروفیسر قاری مشتاق احمد قادری سمیت مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے جید علماء کرام نے خطاب کیا۔
علامہ ڈاکٹر میر آصف اکبر قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن اپنے قیام سے ہی اعتدال، رواداری، بین المسالک ہم آہنگی اور وحدتِ امت کے فروغ کے لیے مسلسل اور مؤثر کردار ادا کر رہی ہے۔ منہاج القرآن خلفائے راشدین، صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین، اہلِ بیت اطہار علیہم السلام اور مشاہیر اسلام کے ایام انتہائی عقیدت، احترام اور محبت کے ساتھ مناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیدنا امام حسین ؓ اور خانوادۂ رسول ﷺ کے عظیم شہداء کی یاد میں منعقدہ یہ وحدتِ امت کانفرنس اس حقیقت کا واضح اظہار ہے کہ تمام مکاتبِ فکر کے علماء کرام محرم الحرام کے مقدس مہینے میں امن، برداشت، رواداری، قومی یکجہتی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کے لیے متحد اور یکجا ہیں۔
علامہ ڈاکٹر میر آصف اکبر قادری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عالمی سطح پر امن و استحکام کے حوالے سے ایک ممتاز مقام عطا فرمایا ہے۔ اس عزت، وقار اور بین الاقوامی اعتماد کے تحفظ اور استحکام کے لیے پوری قوم کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان کے دشمن ملک کے امن، ترقی اور عالمی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لیے فرقہ واریت، انتہاپسندی اور دہشت گردی کو ہوا دینے کی کوشش کر سکتے ہیں، لہٰذا محرم الحرام کے دوران علماء، خطباء، مشائخ اور مذہبی قائدین اپنی مساجد، مدارس اور اجتماعات میں محبت، اخوت، برداشت اور اتحادِ امت کا پیغام عام کریں۔ انہوں نے کہا کہ بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہمیشہ اتحادِ امت، باہمی احترام، مکالمے، رواداری اور اعتدال کی فکر کو فروغ دیا ہے اور یہی منہاج القرآن کی پہچان اور امتیازی وصف ہے۔
کانفرنس میں نائب صدر پاکستان عوامی تحریک راجہ زاہد محمود قادری، صدر تحریک منہاج القرآن لاہور اقبال حسین باجوہ، صدر پاکستان عوامی تحریک لاہور ملک احمد اعوان، ناظم منہاج القرآن علماء کونسل لاہور علامہ خلیل حنفی، محمد یونس جماعتی، قاری ظفر اقبال سمیت مختلف دینی، سماجی، سیاسی اور عوامی حلقوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔
تبصرہ