علماء کرام اسلامی اقدار کی بحالی کیلئے منظم ہو کر انسانیت کو گمراہی کے گرداب سے نکالیں : ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

نفسانی خواہشات کی محبت انسان کو گمراہ کر رہی ہے
تحریک منہاج القرآن مذہبی، اخلاقی اور روحانی قدروں کی بحالی کیلئے کوشاں ہے

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ موجودہ دور میں تحریک منہاج القرآن مذہبی، اخلاقی و روحانی اقدار کی بحالی کیلئے کام کر رہی ہے۔ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نعلین پاک و اولیاء کرام کے فیوض و برکات کے سایہ تلے پروان چڑھنے والی یہ عالمی تحریک پوری دنیا میں روحانی اقدار کو پھیلا رہی ہے اور لاکھوں مسلمانوں کے قلوب کی صفائی کا فریضہ انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن سلامتی، امن، بھائی چارے اور بین المذاہب رواداری کے جذبوں کو قلوب و اذہان کی تختیوں پر نقش کرکے اسلام کی حقیقی روشنی کو عام کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں مختلف علاقوں سے آنے والے وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ آج علماء پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ زوال پذیر اسلامی قدروں کی بحالی کیلئے منظم ہو کر انسانیت کو گمراہی کے گرداب سے نکالیں۔ انہوں نے کہا کہ نفسانی خواہشات کی محبت انسان کو گمراہ کر رہی ہے۔ نفس کی آلائشوں نے دنیا کی محبت میں گرفتار کرکے انسان کو اس کا اصل وطن بھلا دیا ہے وہ اس عارضی قیام کو ہی سب کچھ سمجھ کر دائمی زندگی کی فکر کو فراموش کر بیٹھا ہے۔ معاشرہ مادیت کی دلدل میں دفن ہوتا جارہا ہے، باطن کو پاکیزہ بنانے کی خواہش اور تڑپ معدوم ہوتی جارہی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عشق مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دبی ہوئی چنگاری کو شعلہ جوالا بنا کر ایمان کو گرمایا جائے تاکہ دنیا کی محبت کی دبیز تہہ پگھل جائے اور قلب و باطن صاف ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنے خطوط پر مہر نبوت ثبت فرماتے تھے اور عربی زبان کا قاعدہ ہے کہ یہ دائیں سے بائیں عمود ی ترتیب سے لکھی جاتی ہے مگر مہر نبوت میں محمد رسول اللہ افقی ترتیب سے اس طرح لکھا جاتا ہے کہ محمد کے بعد رسول اور پھر اللہ آتا ہے۔ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس ترتیب سے انسانیت کو یہ پیغام دیا ہے کہ اللہ تک پہنچنے کیلئے ضروری ہے کہ پہلے میری ذات سے عشقی تعلق قائم کیا جائے پھر اس کے بعد رسالت کا فہم و ادراک اور فیض نصیب ہوگا۔ تب اللہ کے قرب کی طرف بڑھنے کا سفر شروع ہوگا۔ اولیاء کرام نے اسی ترتیب کو ملحوظ رکھ کر تجدید دین کا فریضہ انجام دیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
We Want to CHANGE the Worst System of Pakistan
Top