ملک کو اس وقت اندرونی اور بیرونی بہت سی مشکلات اور چیلنجز کا سامنا ہے : ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

مسائل حل ہونے کی بجائے ان کی شدت میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے
تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کا سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب

ملک کو اس وقت اندرونی اور بیرونی بہت سی مشکلات اور چیلنجز کا سامنا ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ ان میں سے بعض مسائل موجودہ حکومت کو ورثے میں ملے ہیں۔ لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ ورثے میں ملنے والے ان مسائل کو چیلنج سمجھتے ہوئے ہوشمندی اور نتیجہ خیز حل کی بجائے ان کی شدت میں نہ صرف خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے بلکہ حال یہ ہے کہ ساری قوم ان مسائل کی لپیٹ میں آچکی ہے۔ بیرونی طاقتوں کی مداخلت اور کڑی شرائط پر امداد قوم کی خود داری اور خود انحصاری پر حملہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے تحریک کی سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تازہ اور فوری حل طلب مسائل میں فاٹا کے 15 ارکان پارلیمنٹ وفاقی وزراء اور پارلیمانی سیکرٹریز کے استعفوں کا مسئلہ سرفہرست ہے۔ سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ بجلی کے بلوں میں اضافے کا اعلان، چینی کا بحران، گندم کی قیمت میں اضافہ، ضمنی انتخابات کرانے یا نہ کرانے کا مسئلہ، ان مسائل کے ساتھ ساتھ دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، غربت و افلاس، بیروزگاری اور بالخصوص دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات، اغوا برائے تاوان اور خواتین و بچوں کی بے حرمتی کے واقعات میں اضافہ یہ وہ مسائل ہیں، جنہوں نے عوام میں جان و مال کے عدم تحفظ میں خوفناک حد تک اضافہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ ان مسائل کا فوری اور مثبت حل تلاش کر کے اپنے الیکشن منشور پر عمل کرتے ہوئے عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرے۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ ملک میں پینے کے صاف پانی کا مسئلہ ہو، چینی کا بحران ہو یا بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں کا تعین ان تمام مسائل کو پارلیمنٹ میں زیر بحث لا کر اپوزیشن ارکان کا موقف سن کر انہیں اور دیگر سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر پھر ان مسائل اور مشکلات سے نکلنے کے لیے کوئی نتیجہ خیز لائحہ عمل وضع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی وسیع تر مشاورت کے عمل سے معصوم عوام کو بھی یہ جاننے میں آسانی ہو گی کہ ان کے مسائل اور مشکلات کے ازالہ کے لیے حکومت اور اپوزیشن دونوں کس حد تک سنجیدہ ہیں اور اپنے انتخابی وعدوں اور یقین دہانیوں کوپورا کرنے کا انہیں کس حد تک احساس ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top