منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پنڈی گھیپ کے زیراہتمام بلڈ گروپنگ کیمپ کا انعقاد

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے منہاج القرآن یوتھ لیگ اور تحریک منہاج القرآن کی تنظیمات کے تعاون سے ملک بھر میں منہاج بلڈ ڈونر سوسائٹیز کے قیام کا منصوبہ بنایا ہے اور ان کے قیام کے لیے بلڈ گروپنگ کیمپس کے انعقاد کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں پہلا بلڈ گروپنگ کیمپ تحصیل پنڈی گھیپ (اٹک) میں 4 اپریل 2010ء کو لگایا گیا۔ کیمپ کا آغاز صبح 9 بجے  تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا، اس موقع پر بلڈ گروپنگ کے لیے سول ہسپتال کے عملے کے علاوہ تحریک منہاج القرآن کے عہدیداران، کارکنان اور وابستگان بھی موجود تھے جبکہ خون کا عطیہ دینے والے ڈونرز کی بڑی تعداد بھی کیمپ میں اپنی باری کا انتظار کر رہی تھی۔

کیمپ کی تشہیر کے حوالے سے پورے شہر میں 500 پوسٹرز اور بینرز آویزاں کیے گئے۔ علاوہ ازیں کیبل پر اشتہار چلایا گیا اور انفرادی طور پر لوگوں کو بھی کیمپ میں شرکت کی دعوت دی گئی، اس ضمن میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پنڈی گھیپ کے نائب ناظم محمد احتشام عباس اور منہاج القرآن یوتھ لیگ کے محمد یعقوب، سردار اظہر عباس اور محمد حسنین نے کلیدی کردار ادا کیا۔

نائب ناظم منہاج ویلفیئر فاونڈیشن محمد احتشام عباس نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ بعد ازاں انہوں نے اپنی تحصیل میں یتیم اور لاوارث بچوں کے فلاحی ادارے ’’آغوش‘‘ کے قیام کے عزم کا بھی اظہار کیا اور اس سلسلے میں اپنا لائحہ عمل پیش کیا۔

بلڈ کیمپ میں ڈونرز کی آمد کا سلسلہ سہ پہر 3 بجے تک جاری رہا جبکہ کیمپ میں 375 لوگوں نے بلڈگروپنگ کروائی اور 100 کے لگ بھگ افراد نے رضا کارانہ طور پر منہاج بلڈ ڈونرز سوسائٹی میں اپنے نام درج کروائے۔ اس موقع پر بلڈ ڈونرز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کسی بھی مشکل گھڑی میں اپنے خون کاعطیہ دے کر انسانیت کی بقاء کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

کیمپ میں منہاج ویلفیئر فاونڈیشن کے مرکزی اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور منہاج بلڈ ڈونر سوسائٹیز کے مرکزی کوآرڈینٹر افتخار بیگ نے کہا ہے کہ خون قدرت کا انمول خزانہ ہے، جو کسی ضرورت مند کو دے کر اس کی جان بچائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خون ایک Life Saving دوا تصور کی جاتی ہے جس کا کوئی نعم البدل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے خون کے عطیہ کا کام کر کے دکھی انسانیت کی خدمت کا عظیم فریضہ سرانجام دینے کا بیڑا اٹھایا ہے۔

اس موقع پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے مرکزی قائمقام ناظم افتخار شاہ بخاری نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پنڈی گھیپ کو کامیاب بلڈگروپنگ کیمپ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ پروگرام کا باقاعدہ اختتام دعا سے ہوا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top