اسلام ایک عالمگیر دین اور مکمل ضابطہ حیات ہے : علامہ شمس الرحمان آسی

برنلے (ابو ابرہیم و ابن خلیل) اسلام کی بنیاد عقیدہ توحید پر قائم ہے اور یہ عقیدہ ہر مسلمان کی انفرادی و اجتماعی زندگی میں انتہائی اہمیت اور وسعت کاحامل ہے۔ جب یہ عقیدہ دل و دماغ میں سما جائے تو انسان کی ساری تگ و دو اور خواہش کا محور رب کائنات کی ذات ٹھرتی ہے۔ اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سچی محبت دل میں گھر کر جائے تو انسان کو یہ فکر رہتی ہے کہ کہیں اس کی کوئی حرکت رب کی ناراضگی کا موجب نہ بن جائے۔ ان خیالات کا اظہار منہاج القرآن برنلے کے زیراہتمام مورخہ 17 جولائی 2010ء بروز ہفتہ کو ہفتہ وار محفل ذکر و نعت میں علامہ شمس الرحمان آسی نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تعمیر سیرت اور تربیت کے لئے ہمارے گھروں کا ماحول نہایت اہمیت کا حامل ہوتا ہے کیونکہ معاشرے کی ابتداء گھرانے یا خاندان سے ہوتی ہے جو معاشرے کی بنیادی اکائی ہے، یوں ہمیں عبادات کے ساتھ ساتھ معاملات پر بھی خصوصی توجہ دینا چاہئے۔

علامہ شمس الرحمان آسی نے مزید کہا کہ معاشرتی تعلقات کو درست رکھنے کے لئے جہاں عدل کا قیام ضروری ہے وہاں ان تعلقات کو پروان چڑھانے اور مزید خوشگوار بنانے کے لئے انتھک کوششوں کی ضرورت ہے۔ وطن سے دور رہتے ہوئے ہمارے لئے ضروری ہے کہ اپنے گھروں میں اسلامی تعلیمات کو فروغ دیں اور اہل خانہ کے درمیان باہمی اعتماد، وفاداری، محبت اور حقوق کی پاسداری کا خیال رکھیں تو معاشرے پر خوشگوار اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top