بجلی کے بحران کا خاتمہ وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے : عزیر قریشی

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ (MSM) میرپور کے راہنما عزیر قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان بدترین معاشی بحران کی لپیٹ میں ہے جبکہ معصوم عوام توانائی کے اذیت ناک بحران کا ڈائریکٹ نشانہ بنے ہوئے ہیں۔ دہشت گردی، بے روزگاری، مہنگائی اور عدم تحفظ کے شدید احساس نے پہلے ہی عوام کی زندگی اجیرن کر رکھی تھی مگر لوڈشیڈنگ، بجلی کے نرخوں میں بار بار اضافے اور اوور بلنگ نے تو پاکستانیوں سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ اس وقت وطن عزیز مسائل کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے، عوامی حکومتوں نے آج تک ڈیمز کے مسئلے کو حل کرنے کی بجائے اسے ہمیشہ سیاسی ضرورت کے لیے استعمال کیا ہے جو ایک المیہ ہے۔

MSM کے رہنما نے کہا کہ توانائی کے حالیہ بحران کا حل نکالنا حکومت کی اولین ترجیح ہونا چاہیے اس سلسلے میں شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم پلاننگ کر کے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدترین غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے عوام کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے اور ملکی معشیت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ ملک میں کئی گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ سے صنعتیں بند ہورہی ہیں اور گھریلو زندگی متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی کمی ہمارے ملک میں ایک مستقل بحران کی حیثیت اختیار کرتی جارہی ہے۔ اس لیے اس خوفناک بحران کا خاتمہ وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے۔ حکومت بجلی کے شدید بحران کو حل کرنے کے لئے انقلابی اقدامات اٹھائے۔

MSM کے راہنما نے حکومت کو توجہ دلائی کہ وہ بجلی کے بحران سے نپٹنے کے لئے پارلیمنٹ میں جامع رپورٹ پیش کرے جس میں بجلی کی قلت اور اسے دور کرنے کی ممکنہ تدابیر اور ان کے لئے درکار وسائل اور سرمائے جیسے بنیادی حقائق بھی شامل ہوں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قومی سطح پر ہونے والی اس بحث میں کالا باغ ڈیم سمیت دیگر مسائل پر بھی گفتگو کی جائے تاکہ عوام کو آگاہی ہو کہ اس بحران کے اسباب اور عوامل کیا ہیں اور عوام کو غافل رکھنے کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top