تحریکِ منہاج القرآن کے رہنماء علامہ غلام ربانی تیمور علیہ الرحمہ کے ایصالِ ثواب کے لئے دوسری سالانہ برسی و دعائیہ تقریب کا انعقاد
ڈاکٹر محمّد رفیق نجم، علّامہ رانا محمّد ادریس قادری، شکیل احمد طاہر و دیگر کی خصوصی شرکت و گفتگو

لاہور: درویشِ منہاج علامہ غلام ربانی تیمور علیہ الرحمہ کے ایصالِ ثواب کے لئے ڈائریکٹوریٹ آف فارن افیئرز منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیرِاہتمام مرکزی سیکریٹریٹ پر دوسری سالانہ برسی و دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
نائب ناظمِ اعلیٰ کوآرڈینیشن منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر محمّد رفیق نجم نے تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علامہ غلام ربانی تیمور علیہ الرحمہ کی پوری زندگی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ کی معیّت اور مصطفوی مشن کی خدمت میں گزری۔ علّامہ صاحب مرحوم للّٰہیت، وفا اور اخلاص کا پیکر تھے اور ساری زندگی اس در سے وابستہ رہنا ان کے عظیم روحانی مقام کی دلیل ہے۔
نائب ناظمِ اعلیٰ تنظیمات تحریکِ منہاج القرآن سنٹرل پنجاب علّامہ رانا محمّد ادریس قادری نے کہا کہ انہیں علامہ غلام ربانی تیمور علیہ الرحمہ کے کلاس فیلو ہونے کا شرف حاصل رہا۔ انہوں نے کہا کہ علّامہ صاحب مرحوم کی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ کے ساتھ کمٹمنٹ غیر معمولی تھی۔ وہ اعلیٰ پائے کے خطیب ہونے کے باوجود عاجزی و انکساری کا پیکر تھے۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا کے دو ہفتوں پر مشتمل سفر کے دوران بھی انہوں نے ہر مقام پر انہیں انتہائی متحرک اور مشن کے لئے سرگرم پایا۔ علّامہ صاحب مرحوم اپنا ہر خطاب زندگی کا آخری خطاب سمجھ کر کرتے تھے اور ان کی پوری زندگی عشق، وفا اور خدمت سے عبارت تھی۔
ڈائریکٹر فارن افیئرز شکیل احمد طاہر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علامہ غلام ربانی تیمور علیہ الرحمہ سب کے دوست تھے اور ہر شخص ان سے اپنے دل کی بات کرسکتا تھا۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں غیر معمولی خطابت کا فن عطا کیا تھا اور وہ فنا فی الشیخ تھے۔ انہوں نے کہا کہ علّامہ صاحب مرحوم مصطفوی مشن کے ہر اول دستے میں شامل تھے اور مشن کا جذبہ ان کے انگ انگ میں رچا بسا تھا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ غلام ربانی تیمور جیسے کارکن کم پیدا ہوتے ہیں، وہ ڈائریکٹوریٹ آف فارن افیئرز کے ماتھے کا جھومر تھے۔
علامہ منہاج الدین قادری نے کہا کہ علّامہ غلام ربانی تیمور علیہ الرحمہ کی زندگی محبّت، وفا اور اخلاص کی روشن مثال تھی۔ ان کی ایک نایاب خوبی یہ تھی کہ وہ شجرِ محبّت کی مسلسل آبیاری کرتے رہے۔ علّامہ صاحب مرحوم خود بھی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ سے والہانہ محبت رکھتے تھے اور جہاں کہیں بھی محبّتِ شیخ الاسلام کا جذبہ دیکھتے، اس کی بھی حوصلہ افزائی کرتے اور اسے پروان چڑھاتے تھے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز عابد بشیر قادری نے کہا کہ علامہ غلام ربانی تیمور علیہ الرحمہ طہارت، وضو اور عبادات کا خصوصی اہتمام کرتے تھے اور مصطفوی مشن کی خاطر اپنا ذاتی جیب خرچ بھی صرف کر دیتے تھے۔ آپ کی زندگی اخلاص اور وفاداری کی عملی تصویر تھی۔
دعائیہ تقریب میں بریگیڈیئر (ر) عمر حیات، کرنل (ر) خالد جاوید، قاری ریاست علی چدھڑ، علامہ میاں انصر محمود قادری، خرّم شہزاد، قاری انصر علی قادری (ناروے)، زاہد سلیم صدیقی، اور نگزیب رضا خان سمیت جملہ فورمز کے ذمہ داران، مرکزی اسٹاف ممبران نے کثیر تعداد مین شرکت کی۔ اختتام پر علّامہ غلام ربانی تیمور علیہ الرحمہ کے ایصالِ ثواب، درجات کی بلندی، اہلِ خانہ کے لئے صبرِ جمیل اور مصطفوی مشن کی ترقی و استحکام کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

































تبصرہ