تحریک منہاج القرآن کی نظامت دعوت و تربیت کے تحت معلمین و معلمات کیلئے دس روزہ تربیتی کیمپ کا آغاز

تربیتی کیمپ کا بنیادی مقصد جدید اور آسان طریقہ تدریس کی تربیت دینا ہے
سکالرز پورے ملک میں "عرفان القرآن" اور " آئیں دین سیکھیں" کورسز کیلئے اپنی خدمات پیش کریں گے
قرآن مجید کو پڑھ کر، سمجھ کر اور ارشادات ربانی پر عمل پیرا ہو کر ہی ہم حقیقی مسلمان بن سکتے ہیں : محمد شریف

تحریک منہاج القرآن کی نظامت دعوت و تربیت کے تحت معلمین و معلمات کیلئے دس روزہ تربیتی کیمپ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں شروع ہو گیا ہے جسمیں ملک بھر سے 150 سے زائد سکالرز شریک ہیں۔ کیمپ میں شریک سکالرز کو علم التجوید، تفسیر، گرائمر اور طریقہ تدریس پر مشتمل عرفان القرآن (ترجمہ قرآن) کا نصاب پڑھایا جائے گا۔ دس روزہ تربیت کے بعد یہ سکالرز پورے ملک میں "عرفان القرآن " اور "آئیں دین سیکھیں" کورسز کیلئے اپنی خدمات پیش کریں گے۔

اس تربیتی کیمپ کا بنیادی مقصد جدید اور آسان طریقہ تدریس کی تربیت دینا ہے تاکہ معلمین فیلڈ میں عوام کو درست طریقہ سے قرآن پڑھنا اور سمجھنا سکھا سکیں۔ دس روزہ کیمپ میں صاحبزادہ مسکین فیض الرحمٰن درانی، علامہ پروفیسر محمد نواز ظفر چشتی، علامہ رانا محمد ادریس، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، احمد نواز انجم، علامہ سعید رضا بغدادی، وقار شاہ گیلانی اور ڈائریکٹر عرفان القرآن کورس محمد شریف کمالوی مختلف دینی، فقہی اور تکنیکی موضوعات پر لیکچر دیں گے۔

محمد شریف کمالوی نے دس روزہ تربیتی کورس کا مقصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا قرآن مجید سے تعلق رسمی نوعیت کا بن گیا ہے اور مادیت نے ہمارے معاشرے کا سکون چھین لیا ہے۔ رجوع الیٰ القرآن تحریک منہاج القرآن کے اولین مقاصد میں سے ایک ہے۔ اس کیمپ کے ذریعے ایسے افراد تیار کرنا مقصود ہے جو عوام کو قرآن مجید کے ساتھ کمزور یا ٹوٹ جانے والے تعلق کو بحال اور مضبوط کر نے میں عملی مدد دے سکیں۔

انہوں نے کہا کہ قرآن مجید کو پڑھ کر، سمجھ کر اور ارشادات ربانی پر عمل پیرا ہو کر ہی ہم حقیقی مسلمان بن سکتے ہیں۔ دس روزہ کورس کا تربیتی نصاب کہنہ مشق اور اساتذہ کی کئی سالوں کی عرق ریزی کے بعد تیار کیا گیا ہے جو معلمین کو فکری اور تکنیکی اعتبار سے بااعتماد بنا دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کی نظامت دعوت و تربیت کے سکالرز پورے ملک میں فہم قرآن کیلئے جو خدمات سر انجام دے رہے ہیں اس سے معاشرے میں مثبت قدروں کے فروغ میں بہت مدد ملے گی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top