ٹارگٹ کلنگ، بے روزگاری، مہنگائی اور عدم تحفظ کے شدید احساس نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے : ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

گیس اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں اضافہ عوام پر عذاب نازل کرنے کے مترادف ہے
روحانی اقدار کے پھیلاؤ کیلئے اہل علم طبقے کو بھی اہم کردار ادا کرنا ہو گا
ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کا سینٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب

کراچی اور بلوچستان میں ٹارگٹ کلنگ کی حالیہ خطرناک لہر ملی یکجہتی کے خاتمے کی گھناؤنی سازش ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس پر تشدد رویے کو کچلنے کیلئے مؤثر اور سنجیدہ کاروائی کریں اور مذہبی و لسانی بنیادوں پر انسانی جانوں کا ضیاع روکنے کیلئے قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے تحریک کی سنٹرل ورکنگ کونسل کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گیس اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں اضافہ عوام پر عذاب نازل کرنے کے مترادف ہے۔ پاکستان بدترین معاشی بحران کی لپیٹ میں ہے جب کہ معصوم عوام توانائی کے اذیت ناک بحران کا ڈائریکٹ نشانہ بنے ہوئے ہیں۔ دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، بے روزگاری، مہنگائی اور عدم تحفظ کے شدید احساس نے پہلے ہی عوام کی زندگی اجیرن کر رکھی تھی مگر اس شدید سرد موسم میں گیس اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ، بجلی کے نرخوں میں بار بار اضافے اور اوور بلنگ نے تو پاکستانیوں سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتا ہوا تشدد معاشرے کے اندر پائی جانیوالی تنگ نظری، انتہا پسندی اور لسانی و صوبائی عصبیت کو ظاہر کرتا ہے۔

انہوں نے CWC کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے صوبوں میں تعلیم کے فروغ پر خصوصی توجہ دینا ہو گی تاکہ برسوں پرانے نظام کو بدلا جا سکے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ روحانی اور اخلاقی قدروں کے فروغ پر بھی توجہ دینا ہو گی تا کہ معاشرے میں برداشت اور اختلاف رائے کا کلچر فروغ پا سکے۔ انہوں نے کہا کہ روحانی اقدار کے پھیلاؤ کیلئے اہل علم طبقے کو بھی اہم کردار ادا کرنا ہو گا تاکہ نفرت اور انتہا پسندانہ رویوں کو شکست دی جا سکے۔ روحانی قدروں کے پنپنے سے معاشرے میں احترام اور برداشت کے رویے جنم لیتے ہیں جبکہ روحانی تربیت انسان کو دوسروں کے حقوق کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے اقدامات کرنے کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کی ہمت اور حوصلہ دیتی ہے جس سے فرائض کی ادائیگی کا کلچر پیدا ہوتا ہے اور دوسروں کے حقوق کی نفی کا عمل کمزور ہوتا ہے اور معاشرے میں مثبت رویوں کو فروغ ملتا ہے۔ سینٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں بریگیڈئر (ر) اقبال احمد خان، شیخ زاہد فیاض، جی ایم ملک، احمد نواز انجم، رانا فیاض، رانا محمد ادریس، جواد حامد، افتخار شاہ بخاری، ساجد محمود بھٹی و دیگر بھی موجود تھے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Minhaj TV
Quran Reading Pen
Presentation MQI websites
Advertise Here
Top