مہنگائی کے عفریت نے جبڑے کھول کر عوام کو نگلنا شروع کر دیا : سمیرا رفاقت ایڈووکیٹ

مورخہ: 06 مئی 2011ء

کراچی ٹارگٹ کلنگ کی حالیہ خطرناک لہر ملی یکجہتی کے خاتمے کی گھناؤنی سازش ہے
منہاج القرآن ویمن لیگ کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملتان سے آئے ہوئے خواتین کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ سمیرا رفاقت ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پاکستان قیادت کے بد ترین بحران کا شکار ہے اور اس کا المیہ یہ ہے کہ اقتدار پر براجمان لیڈر نہیں ہیں اور حقیقی لیڈر اقتدار میں نہیں ہیں۔ عوام کو موجودہ استحصالی نظام کے خلاف اٹھنا ہوگا تاکہ حقیقی قیادت ملک کی بھاگ دوڑ سنبھال سکے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے عفریت نے جبڑے کھول کر عوام کو نگلنا شروع کر دیا ہے۔ دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، لوڈ شیڈنگ اور بے روزگاری کے عذاب نے 17 کروڑ عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے۔ اعصاب شکن لوڈ شیڈنگ کے باعث مزدور بے روزگار ہیں اور دو لقموں کا حصول بھی ناممکن بن گیا ہے۔ بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں آئے روز اضافے نے پاکستانیوں کو  بے حال کر دیا ہے۔ حکومت فوری طور پر بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں کئے گئے اضافے کو واپس لے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن ویمن لیگ کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ملتان سے آئے ہوئے خواتین کے وفد سے ایک ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی ضروریات سے محرومی پاکستانی عوام کا مقدر بنا دی گئی ہے۔ سمیرا رفاقت ایڈووکیٹ نے کہا کہ مسائل کی دلدل میں دھنسے پاکستان کے مقتدر طبقوں کو احساس نہیں کہ اس کے وجود کو کتنے خطرات لا حق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جن سنگین اور گھمبیر مشکلات کا سامنا ہے اس کے پیش نظر سیاستدان طبقہ برداشت کے کلچر کا عملی مظاہرہ کرے، ملک اور عوام کے حال پر رحم کریں اور اپنی تمام تر صلاحیتیں ملک کو بحران سے نکالنے پر مرکوز رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہونیوالی ٹارگٹ کلنگ کی حالیہ خطرناک لہر ملی یکجہتی کے خاتمے کی گھناؤنی سازش ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس پر تشدد رویے کو کچلنے کیلئے موثر اور سنجیدہ کارروائی کریں اور مذہبی و لسانی بنیادوں پر انسانی جانوں کا ضیاع روکنے کیلئے قانون پر عملدر آمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتا ہوا تشدد معاشرے کے اندر پائی جانیوالی تنگ نظری، انتہا پسندی اور لسانی و صوبائی عصبیت کو ظاہر کرتا ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Minhaj TV
Quran Reading Pen
Presentation MQI websites
Advertise Here
Top