پاکستان معاشی جبکہ عوام توانائی کے بد ترین بحران کا نشانہ ہیں: ساجد بھٹی

تحریک منہاج القرآن کے ناظم تنظیمات ساجد محمود بھٹی نے کہا ہے کہ پاکستان بد ترین معاشی بحران کی لپیٹ میں ہے جبکہ عوام توانائی کے اذیت ناک بحران کا ڈائریکٹ نشانہ بنے ہوئے ہیں۔ سیلاب، ڈینگی وائرس، بے روز گاری، مہنگائی، دہشت گردی اور عدم تحفظ کے شدید احساس نے پہلے ہی عوام کی زندگی اجیرن کر رکھی تھی مگر حالیہ غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ، اوور بلنگ اور بجلی کے نرخوں میں مجوزہ اضافے نے تو ان سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ عوامی حکومت ان مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کرے ورنہ بالآخر انہیں عوامی عدالت کا سامنا کرنا ہوگا۔ ساجد محمود بھٹی گزشتہ روز تحریک منہاج القرآن جنوبی پنجاب سے آئے وفد سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کے دوران موجودہ ملکی حالات پر گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت وطن عزیز مسائل کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے۔ فوجی اور عوامی حکومتوں نے آج تک ڈیمز کے مسئلے کو حل کرنے کی بجائے اسے سیاسی ضرورت کیلئے استعمال کیا ہے جو ایک المیہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے حالیہ بحران کا حل نکالنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ اس سلسلے میں شارٹ اور لانگ ٹرم پلاننگ کرکے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالاباغ ڈیم کے ساتھ ساتھ چھو ٹے ڈیم بنائے جائیں تاکہ آنے والے سالوں میں توانائی سمیت زرعی بحران سے بچا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کیلئے بھی فوری فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔ عوام کو اشیائے ضروریہ پر سبسڈی دی جائے۔ معاشی بحران پر قابو پانے کیلئے ملک میں امن قائم کیا جائے تاکہ بیرونی سرمایہ کا ر ملک میں سرمایہ کاری کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہ کریں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top