پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں حالیہ اضافہ کو عوام مسترد کرتے ہیں: جی ایم ملک

پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کی روش جاری رکھ کر حکومت نے عوام دشمن پالیسیوں پر مہر تصدیق ثبت کر دی
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کی حکومتی روش کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب

پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام مسلم ٹاؤن چوک فیروز پور روڈ لاہورمیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کی حکومتی روش کے خلاف ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ ہوا، جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ مظاہرے کی قیادت ترجمان پاکستان عوامی تحریک جی ایم ملک نے کی جبکہ اس موقع پر ایم ایچ شاہین سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک پنجاب، چوہدری محمد افضل گجر صدر PAT لاہور، جواد حامد، حافظ غلام فرید اور پاکستان عوامی تحریک کے دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ مظاہرین کی بڑی تعداد نے احتجاجی کتبے اٹھا رکھے تھے وہ پٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافے اور عوامی حکومت کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔

سینکڑوں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان پاکستان عوامی تحریک جی ایم ملک نے کہا کہ حکومت کہ ساڑھے تین سالہ دور اقتدار میں 97 فیصد عوام سے لقمہ چھیننے کی پالیسیاں جاری ہیں اور غریب سے جینے کا حق بھی چھین لیا گیا ہے۔ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی روش جاری ہے اور ہر مہینے اضافے اور چند پیسوں کی کمی کرنے کا ڈرامہ رچایا جاتا ہے جسے عوام مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ واپس لے اور بجائے اضافے کے قیمتوں میں کمی کا اعلان کرے۔ روٹی، کپڑا، مکان اور روزگار کا منشور دے کر غریبوں کے نام اقتدار حاصل کرنے والی جماعت کے دور میں غریبوں کا ہی استحصال ہو رہا ہے۔

جی ایم ملک نے مظاہرین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم کی مصنوعات میں اضافے کی روش جاری رکھ کر حکومت نے عوام دشمنی کی پالیسیوں پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک حکومت کی اس روش کی پرزور مذمت کرتی ہے۔ حکومت کے پاس عوام کو ریلیف دینے کا کوئی پروگرام نہیں ہے جو مایوس کن امر ہے۔ محرومی اور مایوسی سے نجات کیلئے عوام کو اس فرسودہ نظام کے خلاف میدان عمل میں نکلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کش پالیسیوں کا تسلسل مقتدر طبقے کی غلامانہ سوچ کی عکاسی کرتاہے۔ احتجاجی مظاہرے سے ایم ایچ شاہین اور حافظ غلام فرید نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top