ڈاکٹر طاہرالقادری کامقصد اقتدارنہیں بلکہ قوم کے مستقبل کی تعمیر ہے، سردار منصور خان

مورخہ: 28 مارچ 2013ء

آئین کے مطابق انتخابی نظام کو درست نہیں کیاگیا، اسلام آبادسمیت ملک بھرمیں الیکشن ڈے پر پر امن دھرنے ہوں گے

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردارمنصورخان نے کہا ہے کہ آئین کے مطابق انتخابی نظام کو درست نہیں کیا گیا ا س لئے عوامی تحریک نے فرسودہ طریقہ انتخابات کومستردکرتے ہوئے الیکشن ڈرامے سے علیحدہ رہنے کافیصلہ کیاہے، ہم الیکشن والے دن ملک بھر میں پر امن دھرنے دے کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے، دھرنوں میں موجودہ نظام انتخابات سے مایوس عوام کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر عمر ریاض عباسی کی قیادت میں آئے ہوئے عوامی تحریک کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وفد میں ابرار رضا ایڈووکیٹ، غلام مصطفی نورانی، شمریز اعوان، غلام علی خان، عثمان بٹ، ایم ایچ خان، قاری ایاز اور دیگر موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو 90 دن میں الیکشن کرانا یاد رہتا ہے جبکہ آئین کے آرٹیکل 3، 9، 37 اور 38 کی (کلاز B) اور آرٹیکل 218 کی کلاز 3 کو ہمیشہ نظرانداز کر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام دشمن نظام والاالیکشن قبول نہیں ہے، ہم اس الیکشن کو قبول کریں گے جو آرٹیکل 213 کلاز 3 کے تحت ہوں گے۔ ہم ایسی جمہوریت چاہتے ہیں جس میں جعلی ڈگری والے اور بنک ڈیفالٹرزاور بدکردار کے لوگوں کیلئے کوئی جگہ نہ ہو۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ الیکشن آئین پاکستان کے تحت ہونا چاہیے کیونکہ ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے اسے سیاست نہیں کہا جا سکتا، عوامی تحریک سیاست کے خلاف نہیں لیکن سیاست کے نام پر ملک میں جو گھناؤنا کھیل ہو رہا ہے اس کاکلیتاً خاتمہ چاہتے ہیں،

انہوں نے واضح کیاکہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا ایجنڈا پاکستان سے انتخابی سیاست کا خاتمہ کرنا نہیں بلکہ انتخابات کے طریقہ کار کو شفاف اور درست کرنا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک ملک میں آئینیت اور دستوریت کو بحال کرنا چاہتی ہے۔ موجودہ سیاست میں جوڑ توڑ، گالی گلوچ اور اگلا الیکشن جیتنے کے علاوہ کوئی ترجیح نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایکشن ری پلے نہیں کرپشن، استحصال، دھونس دھاندلی سے پاک آزادی اظہار رائے کا الیکشن چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی جدوجہد کی غرض و غایت آئین پاکستان کی خلاف ورزی ہے نہ جمہوریت کا خاتمہ، بلکہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے ایجنڈے کا پہلا اور آخری مفاد ملک اور اٹھارہ کروڑ عوام ہیں، ڈاکٹر طاہرالقادری کا مقصد اقتدار نہیں بلکہ قوم کے مستقبل کی تعمیر ہے اور قوم ڈاکٹر طاہرالقادری کے ایجنڈے سے متفق ہے، وقت آئے گا جب پوری قوم ڈاکٹر طاہرالقادری کے اصلاحاتی ایجنڈے کی حمایت میں کھڑی ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ انتخابات کے نتائج سے سب پر واضح ہو جائے گا کہ موجودہ نظام کے تحت ہونے والے الیکشن سے کوئی تبدیلی نہیں آسکتی ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top