اللہ اور اس کے رسول (ص) سے رشتہ محبت استوار کرنے میں ہی امت مسلمہ کے مسائل کا حل ہے۔ فیض الرحمن درانی

مورخہ: 17 مئی 2013ء

اسلام جبر کا نہیں امن و محبت، سلامتی اور اخلاق و کردار کی بہترین حالت کا نام ہے
مادیت کی دوڑ سے تائب ہو کرایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہونا ہو گا: فیض الرحمن درانی

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر فیض الرحمان درانی نے کہا ہے کہ محبت مصطفی ہی محبت خدا ہے۔ عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور کردار کی مضبوطی سب سے بڑا اثاثہ ہے اس کی حفاظت کرنا ہر مسلمان کی اولین ذمہ داری ہے۔ اسلام جبر کا نہیں امن و محبت، سلامتی اور اخلاق و کردار کی بہترین حالت کا نام ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت مبارکہ کا مطالعہ کرنے سے یہ حقیقت واضح ہوتی ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات اخلاق عالیہ کا پیکر اتم تھی، جس کی نظیر پورے عالم میں نہیں مل سکتی۔ اجتماعی طور پر اپنے اعمال کی درستگی کیلئے کاوشیں کی جائیں تا کہ معاشرے کو حقیقی سکون واپس مل سکے۔ مادیت کی دوڑ سے تائب ہو کرایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہونا ہو گا۔ اخوت، بھائی چارے کو بحال کر کے حقیقی خوشیوں کو عملی زندگی میں لانا ہو گا۔

وہ جامع مسجد منہاج القرآن ماڈل ٹاؤن لاہور میں جمعہ کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کر ر ہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن تجدید و احیائے دین کی عالمگیر تحریک ہے۔ تحریک منہاج القرآن کا مقصد اولین نوجوانوں کی کردار سازی ہے۔ معاشرے کے بگاڑ کو درست کرنے کیلئے ہر سطح پر محنت کی ضرورت ہے۔ تحریک منہاج القرآن اسلام کا پیغام امن و محبت عام کرنے میں مصروف ہے۔ کیونکہ محبت اور امن ہمارے معاشرے کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ انتہا پسندانہ رجحانات کی بینج کنی کیلئے ہر کارکن کو کردار ادا کرنا ہو گا۔ فرقہ واریت اور دہشت گردی کے عفریت پر قابو پانے کیلئے معاشرے میں تحمل اور برداشت کے رویوں کو فروغ دینا ہو گا۔

فیض الرحمن درانی نے کہا کہ مسلمان خواہ دنیا کے کسی بھی گوشہ میں ہوں اور کسی بھی گروہ، نسل یا قوم سے تعلق رکھتے ہوں وہ آپس میں بھائی بھائی ہیں۔ اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے رشتہ محبت استوار کرنے میں ہی امت مسلمہ کے مسائل کا حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارکن اپنی سیرت، کردار، اخلاق میں انقلاب بپا کر کے زندگی کو بندگی میں بدل دیں۔ عبادت و ریاضت کے ذریعے اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو راضی کریں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top