دین اسلام نے انسانیت کو ایسا احترام دیا ہے جو کرہ ارضی پر موجود ہر فرد کے حقوق کو تحفظ فراہم کرتا ہے، ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

مورخہ: 19 اگست 2013ء

دین اسلام کی اقدار انسانیت کے احترام کے گرد گھومتی ہیں
تحریک منہاج القرآن نے انسانیت کے احترام کو اپنی دعوت کی اساس قرار دے رکھا ہے
ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی عالمی یوم انسانیت کے موقع پر غیر مسلموں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو

تحریک منہاج القرآن کے بانی سر پرست ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ آج انسانیت میں محبت بانٹنے کی ضرورت ہے۔ نفرت اور انتہا پسندی کی خار دار جھاڑیوں کو چُن چُن کر ختم کرنا ہو گا اور اسکی جگہ محبت، امن اور احترام کے پھول کھلانا ہوں گے۔ دین اسلام نے انسانیت کو ایسااحترام دیا ہے جو کرہ ارضی پر موجود ہر فرد کے حقوق کو تحفظ فراہم کرتا ہے اور اس حوالے سے انفرادی اور اجتماعی طور پر مختلف معاشروں کو فرائض کی ادائیگی کا پابند بناتا ہے۔ انسانیت کے احترام کو ہر معاشرے کیلئے لازمی قرار دے کر اسلام نے بچوں سے لے کر بوڑھوں حتیٰ کہ اس دار فانی سے کوچ کر جانے والوں کے حقوق کو بھی مکمل تحفظ فراہم کیا ہے۔ ظلم، استحصال اور جبر کا صدیوں تک شکار رہنے والی عورت کے حقوق کو تحفظ اور احترام دے کر اسلام نے اسے معاشرے کا ایسا فرد قرار دیا جسکے حقوق مردوں کے برابر ہیں۔ اس لئے یہ کہنے میں کسی مسلمان کو تامل نہیں ہونا چاہیے کہ دین اسلام کی اقدار انسانیت کے احترام کے گرد گھومتی ہیں۔ وہ عالمی یوم انسانیت کے موقع پر غیر مسلموں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر انٹر فیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ دین اسلام نے انسانیت کے احترام کو زندگی کے ہر گوشے میں اولیت دی ہے۔ مذہبی طبقے کو قول و فعل کے تضاد کو ختم کردینا چاہیے، انکے کردار سے انسانیت کیلئے خیر اور محبت پھوٹنی چاہیے۔ تحریک منہاج القرآن نے انسانیت کے احترام کو اپنی دعوت کی اساس قرار دے رکھا ہے اور اس سے وابستہ ہر شخص کی تربیت اس انداز سے کی گئی ہے کہ اس کے قول اور فعل سے کسی کو انفرادی اور اجتماعی سطح پر کوئی اذیت نہ پہنچے۔ تحریک منہاج القرآن کو دنیا کے گلوب پر پذیرائی اس لئے ملی ہے کہ اس نے انسانیت کو محبت اور امن دینے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top