آزاد کشمیر: تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام درس عرفان القرآن

تحریک منہاج القرآن تحصیل عباس پور آزاد کشمیر کے زیراہتمام 26 نومبر کو جامع مسجد کنولی چھاترہ میں درس عرفان القرآن کا انعقاد کیا گیا جس میں علامہ یاسر نسیم نقشبندی مرکزی ناظم دعوت نے خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ اس موقع پرعلامہ مولانا محمد بشیر چشتی، قاری محمد لطیف القادری، قاری محمد فاروق خان قادری صدر تحریک منہاج القرآن تحصیل عباس پور، تحصیل ناظم حافظ آفتاب قادری، سنیئر نائب صدر ضیاء الحق قمر بھی موجود تھے۔ تقریب کی صدارت علامہ محمد منشاء خان نقشبندی قادری خطیب اعظم جامع مسجدٹانڈہ گھمیر نے کی۔

درس عرفان القرآن سے علامہ یاسر نسیم قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی قربانی امت مسلمہ کے لیے مشعل راہ ہے۔ ہمیں اسوہ شبیری اپنا کر اپنے اندر اتحاد و اتفاق پیدا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آج بھی پاکستان کے عوام امام حسین علیہ السلام کے راستے پہ چلتے ہوئے دین محمدی کی خاطر اٹھ کھڑے ہوں اور قائد انقلاب ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا ساتھ دیں تو وہ وقت دور نہیں کہ ملک سے یہ لاقانونیت اور یزیدیت کا دور ختم نہ ہو۔

انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ اپنے مسلکی اختلافات سے بالاتر ہو کر امت محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے درد کو سمجھیں اور احیائے دین کی خاطر آگے بڑھیں اور تحریک منہاج القرآن سے منسک ہو کراسوہ شبیری کو اپناتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری کی پیروی میں مصطفوی انقلاب کے لئے اٹھ کھڑے ہوں اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب اس ملک میں مصطفوی انقلاب کا سویرا طلوع ہو گا۔

مہمان خصوصی نے منہاج ماڈل سکول عباس پور کا دورہ بھی کیا اور اس کی کارکردگی کو سراہا۔ اس موقع پر انہوں نے سٹاف ممبران کو بھی علم کی اہمیت پر لیکچر دیا۔ اختتام پر اللہ کے حضور ملک وقوم کی سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔

{سیکریٹری انفارمیشن برکت علی قادری}

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top