کیا وزیراعظم نواز شریف نریندر مودی سے صرف مصافحہ کرنے کھٹمنڈو گئے تھے؟ ڈاکٹر طاہرالقادری

سربراہ عوامی تحریک نے جامع مسجد منہاج القرآن میں نماز جمعہ ادا کی، علالت کے باعث زیادہ دیر نہ رک سکے
عہدیداروں، کارکنوں کو بھکر کے ضمنی الیکشن پر بھرپور توجہ دینے کی ہدایت، بہت جلد انقلاب کے سفر میں شانہ بشانہ ہونگے، مختصر گفتگو
پولیو ورکرز پر حملوں اور سکول بس کو پیش آنے والے حادثہ پر افسوس کا اظہار، سینکڑوں کارکن مسجد کے باہر جمع

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ کیا وزیراعظم پاکستان نریندر مودی سے صرف مصافحہ کرنے کھٹمنڈو گئے تھے؟ بھارتی وزیراعظم نے منصوبہ بندی کے تحت موڈ بنایا تھا تاکہ وزیراعظم پاکستان کو مقبوضہ کشمیر کے جعلی انتخابات، بین الاقوامی بارڈر کی خلاف ورزیوں کے تازہ ترین بھارتی جرائم پر لب کشائی سے باز رکھ سکیں اور وہ اس مقصد میں کامیاب رہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پارلیمنٹ ہے تو وزیراعظم پاکستان کے اس افسوسناک رویے پر باز پرس کرے، سربراہ پاکستان عوامی تحریک نے جامع مسجد منہاج القرآن میں نماز جمعہ ادا کی، وہ علالت کے باعث زیادہ دیر مسجد میں نہ ٹھہر سکے اور انہوں نے نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مسجد کے باہر جمع ہونے والے سینکڑوں کارکنان سے ہاتھ ہلا کر ان کی خیریت دریافت کی اور کہا بہت جلد ہم انقلاب کے سفر میں شانہ بشانہ ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ظلم کے نظام کی تبدیلی کی جنگ آخری سانس تک لڑوں گا اور اس عظیم مشن میں اللہ اور عوام ہمارے ساتھ ہیں۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے رہائش گاہ پر پارٹی رہنماؤں سے مختصر گفتگو بھی کی اور ہدایت کی کہ عہدیدران اور کارکنان بھکر کے ضمنی الیکشن پر توجہ دیں۔ پنجاب حکومت کبھی بھی نہیں چاہے گی کہ پاکستان عوامی تحریک کا انقلابی امیدوار نذر عباس کہاوڑ جیت کر اسمبلی میں آئے اور پھر حکمرانوں کی حقیقی اپوزیشن بنے۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان ہر طرح کی دھاندلی اور حکومتی ہتھکنڈوں کو ناکام بنانے کیلئے مستعد رہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کوئٹہ کے بعد لاہور میں پولیو ورکرز پر پے در پے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ حکمران سیاسی کارکنوں کے خلاف ریاستی ڈنڈا چلانے کی بجائے امن اور صحت کے دشمنوں کے خلاف پولیس اور ریاستی وسائل استعمال کریں، انہوں نے لاہور میں بچوں کی بس کو پیش آنے والے حادثہ اور 3 بچوں کی اموات پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ پنجاب میں بچوں کی بسوں کو تواتر سے حادثات پیش آ رہے ہیں جو حکومت کی نااہلی اور لاپروائی کا نتیجہ ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top