اللہ کے محبوب بندوں کے صدقے پاکستان بچا ہوا ہے: فیض الرحمن درانی

مورخہ: 20 مارچ 2015ء

اعمال کی اصلاح کی تدبیر نہ کی تو اللہ کی غفور و رحیم ہونے کی صفت کہیں ہم سے روٹھ نہ جائے
دہشتگردی، بے سکونی، بدامنی، قتل و غارت گری اور دولت کی غیر منصفانہ تقسیم ہمارے معاشرے کی پہچان بن چکی‎
جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب‎

لاہور (20 مارچ 2015) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ بطور قوم ہمارے اعمال اللہ کی ناراضگی کا باعث ہیں۔ اس لئے دہشتگردی، بے سکونی، بدامنی، قتل و غارت گری، رزق کی کمیابی، ٹارگٹ کلنگ، بجلی کی قلت اور دولت کی غیر منصفانہ تقسیم ہمارے معاشرے کی پہچان بن چکی ہے۔ لاہور، پشاور، کراچی اور ملک کے دیگر شہروں میں خون کی ہولی اس بات کی نشانی ہے کہ ہمارے دل پتھروں سے زیادہ سخت ہو چکے ہیں۔ وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان تو دوسروں کے جان و مال کا محافظ ہوتا ہے مگر ہمارے اعمال دین مبین کی تعلیمات سے الٹ ہو چکے ہیں اس لئے اللہ کی رحمت ہم پر سایہ فگن نہیں۔ اللہ کے محبوب بندوں کے صدقے پاکستان بچا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بطور قوم ہم نے اپنے اعمال کی اصلاح کی تدبیر نہ کی تو اللہ کی غفور و رحیم ہونے کی صفت کہیں ہم سے روٹھ نہ جائے، اس لئے قوم اجتماعی توبہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ مادیت کے غلبہ نے ہم سے ہمارے عظیم مذہب کی اقدار چھین لی ہیں، اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہماری زندگیوں میں سکون لوٹ آئے تو ہمیں روحانیت کی طرف لوٹنا ہو گا اور معاشرے میں مؤاخات کے عظیم رویوں کو فروغ دینے کے لئے محنت کرنا ہو گی۔ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد دہشت گردوں کے خلاف نبرد آزما فوجی جوانوں کی کامیابی کیلئے خصوصی رقت آمیز دعا کی گئی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top