ناظمِ اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور کی شیخ الاسلام کانفرنس اور اسلامک سینٹر علی پور چٹھہ کی تقریبِ سنگِ بنیاد میں خصوصی شرکت و گفتگو

حافظ آباد: ناظمِ اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور نے شیخ الاسلام کانفرنس اور اسلامک سینٹر علی پور چٹھہ، حافظ آباد کی تقریبِ سنگِ بنیاد سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری گزشتہ کئی دہائیوں سے فروغِ علم، احیائے فکرِ اسلامی، ترویجِ امن اور اصلاحِ معاشرہ کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے قرآن و سنت کی تعلیمات کو عصرِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق ہر خاص و عام، بالخصوص نوجوان نسل کو اعتدال، محبت اور رواداری کا درس دیا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کا قیام شیخ الاسلام کی علمی فکر کا عملی مظہر ہے، جس کے تحت دنیا بھر میں تعلیمی ادارے، دعوتی مراکز، فلاحی منصوبے اور تربیتی پروگرامز کامیابی سے جاری ہیں۔ آپ کی علمی و تحقیقی خدمات امتِ مسلمہ کے لیے رہنمائی کا مستند ذریعہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی کے دل میں اللہ کی راہ پر چلنے اور دین کی خدمت کا جذبہ پیدا ہو جائے تو یہ قابلِ تحسین امر ہے۔ جو لوگ خفیہ طور پر اللہ کی راہ میں خرچ کرتے ہیں، اللہ ربّ العزت انہیں ضرور اجرِ عظیم عطا فرماتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ منہاج القرآن کے تعلیمی ادارہ جات سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کا کردار، گفتگو، افکار اور عملی زندگی اس بات کی گواہی دیں کہ وہ خودمختار، باشعور اور تعلیم یافتہ مسلمان ہیں، جو دینی و دنیاوی معاملات سے بخوبی آگاہ ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم کا مقصد محض ڈگری کا حصول نہیں بلکہ کردار سازی ہے۔ جب تک انسان کے اندر عوام کا درد، انسانیت کا شعور اور خدمتِ خلق کا جذبہ پیدا نہیں ہوتا، وہ حقیقی معنوں میں مسلمان نہیں بن سکتا۔
خرم نواز گنڈاپور نے سیرتِ نبوی ﷺ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ ربّ العزت نے حضور نبی اکرم ﷺ کو بعثت سے قبل ہی صادق و امین کے القابات سے ممتاز فرمایا۔ واقعۂ طائف کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شدید اذیتوں کے باوجود آپ ﷺ نے بددعا کے بجائے رحمت اور ہدایت کی دعا فرمائی۔ یہی اسوۂ حسنہ ہمیں صبر، استقامت اور جدوجہد کا درس دیتا ہے۔ غزوات اور مشکلات اس حقیقت کی یاد دہانی ہیں کہ دنیا آرام گاہ نہیں بلکہ آزمائش اور مسلسل جدوجہد کا میدان ہے۔
انہوں نے اسلامک سینٹر اور تحفیظ القرآن انسٹی ٹیوٹ کے سنگِ بنیاد پر منتظمین اور اہلِ علاقہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ عظیم کارِ خیر آخرت میں باعثِ نجات ہوگا۔ خصوصاً وہ والدین جو اس نیک مقصد کے لیے قربانی دے رہے ہیں، وہ بڑی سعادت کے حق دار ہیں، اور یہاں سے فارغ التحصیل طلبہ دین و دنیا میں کامیاب ہوں اور پاکستان کے مثالی شہری بن کر ابھریں۔
تقریب میں مرکزی نائب صدر پاکستان عوامی تحریک راجہ زاہد محمود، ڈائریکٹر انٹرفیتھ سہیل احمد رضا، قائدین تحریک منہاج القرآن حافظ آباد، جملہ فورمز کے ذمہ داران و کارکنان سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔ اس سے قبل معزز مہمانانِ گرامی کا جٹاں والی انٹرچینج، تحصیل علی پور چٹھہ، ضلع حافظ آباد پہنچنے پر خرم نواز گنڈاپور کا پُرتپاک استقبال کیا گیا، بعد ازاں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 75ویں سالگرہ کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔























تبصرہ