شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا رمضان المبارک کے آغاز پر امتِ مسلمہ کو مبارکباد

Dr Tahir-ul-Qadri congratulates the Muslim Ummah on the beginning of Ramadan

بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں کے آغاز پر امتِ مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ ربّ العزّت کا بے پایاں شکر ہے جس نے ہمیں ایک بار پھر ماہِ صیام کی رحمتوں اور سعادتوں سے فیض یاب ہونے کا موقع عطا فرمایا۔ یہ ماہِ مبارک رحمتِ الٰہی کے نزول، بخشش و مغفرت کی برسات اور نارِ جہنم سے نجات کا پیغام لے کر آتا ہے۔ میں عالمِ اسلام کے تمام مسلمانوں کو رمضان المبارک کی آمد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک عبادات اور روحانی ریاضت کا مہینہ ہے۔ یہ ماہ مبارک حقوق اللہ کے ساتھ ساتھ حقوق العباد کی ادائیگی کا بھی عملی پیغام دیتا ہے۔ روزہ انسان کو بھوک اور پیاس کا احساس دلا کر معاشرے کے محروم اور مستحق طبقات کے درد سے آشنا کرتا ہے۔ یہی احساس ایثار، ہمدردی اور سخاوت کو فروغ دیتا ہے۔

شیخ الاسلام نے اپنے پیغام میں زور دیا کہ رمضان المبارک ہمیں یہ درس دیتا ہے کہ ہم اپنے رویوں، معاملات اور تعلقات کا جائزہ لیں۔ اگر کسی کا حق دبایا ہے تو اسے ادا کریں، کسی سے زیادتی کی ہے تو معافی مانگیں، اور ضرورت مندوں کی کفالت کو اپنی ترجیح بنائیں۔ زکوٰۃ، صدقات اور خیرات کے ذریعے معاشرے میں توازن اور عدل کو فروغ دینا ہی حقیقی روحِ رمضان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایثار کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی خواہشات پر دوسروں کی ضروریات کو ترجیح دیں، اپنے وسائل میں سے مستحقین کا حصہ نکالیں اور معاشرتی ہم آہنگی کو مضبوط کریں۔ یہی طرزِ عمل ایک مضبوط، بااخلاق اور متحد امت کی بنیاد رکھتا ہے۔

آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں رمضان المبارک کے آداب کو ملحوظ رکھنے، حقوق اللہ اور حقوق العباد کی صحیح ادائیگی کرنے، اور ایثار و تقویٰ کی منزل حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top