تحریکِ منہاج القرآن دیپالپور کے زیرِ اہتمام ماہِ رمضان المبارک کی آمد پر پانچ روزہ دروسِ عرفان القرآن کا آغاز

سماجی و معاشرتی بگاڑ کی اصلاح کا آغاز فرد کی ذات سے ہوتا ہے: علامہ محمد سلیمان اعظم

Ramadan Irfan ul Quran Lectures by Allama Suleman MQI Deipalpur 2026

دیپالپور: علامہ محمد سلیمان اعظم نے تحریک منہاج القرآن دیپالپور کے زیرِاہتمام پانچ روزہ دروسِ عرفان القرآن مؤرخہ 19 فروری 2026ء بروز جمعرات بعد از نمازِ فجر منعقدہ نشست سے ’’اخلاقِ نبوی ﷺ اور عصرِ حاضر کے تقاضے‘‘ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کی بعثت کا بنیادی مقصد انسانیت کی اخلاقی تطہیر اور کردار سازی تھا۔ آج کا دور جہاں سائنسی ترقی اور معلوماتی انقلاب کا دور ہے، وہیں اخلاقی بحران، عدم برداشت، مادیت پرستی اور خاندانی نظام کی کمزوری جیسے مسائل بھی شدت اختیار کر چکے ہیں اور ان تمام چیلنجز کا حقیقی حل اسوۂ رسول ﷺ کی پیروی میں مضمر ہے۔ اخلاقِ نبوی ﷺ کی بنیاد صدق، امانت، عدل، رحم، عفو و درگزر اور حسنِ سلوک پر ہے۔ نبی کریم ﷺ نے دشمنوں کے ساتھ بھی اعلیٰ ظرفی اور درگزر کا مظاہرہ فرمایا۔ فتحِ مکہ کے موقع پر عام معافی کا اعلان اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ اسلامی تعلیمات انتقام نہیں بلکہ اصلاح اور رحمت کا پیغام دیتی ہیں۔

انہوں نے عصرِ حاضر کے تقاضوں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کے نوجوان کو سوشل میڈیا، فکری انتشار اور تہذیبی یلغار جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ ایسے ماحول میں ضروری ہے کہ نوجوان سیرتِ نبوی ﷺ کو اپنا رہنما بنائیں، اپنی گفتگو، معاملات اور طرزِ زندگی میں دیانت، شائستگی اور اعتدال کو اختیار کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اختلافِ رائے کو دشمنی میں تبدیل کرنا اسلامی تعلیمات کے منافی ہے۔ ہمیں برداشت، مکالمہ اور حکمت کے ساتھ مسائل کا حل تلاش کرنا چاہیے۔ سماجی و معاشرتی بگاڑ کی اصلاح کا آغاز فرد کی ذات سے ہوتا ہے۔ جب فرد اپنے اخلاق کو سنوار لیتا ہے تو خاندان، معاشرہ اور ریاست بھی سنور جاتی ہے۔ اسی لیے قرآن فہمی اور سیرتِ طیبہ کے عملی اطلاق کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دروسِ عرفان القرآن جیسے پروگرام اسی فکری و اخلاقی بیداری کا ذریعہ ہیں۔

روحانی و فکری نشست میں قائدین تحریک منہاج القرآن دیپالپور، ذمہ داران اور کارکنان کے علاوہ شہر بھر سے نوجوانوں، طلبہ، عمائدینِ علاقہ، معزز شہریوں سمیت کثیر تعداد میں خواتین اور بچوں نے بھرپور شرکت کی۔

Ramadan Irfan ul Quran Lectures by Allama Suleman MQI Deipalpur 2026

Ramadan Irfan ul Quran Lectures by Allama Suleman MQI Deipalpur 2026

Ramadan Irfan ul Quran Lectures by Allama Suleman MQI Deipalpur 2026

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top