سیدہ کائنات ؑکی حیاتِ مبارکہ خواتین کے لیے کامل نمونہ ہے: ڈاکٹر محمد طاہر القادری
نئی نسل کی تربیت کےلئے سیدہ کائناتؓ کی سیرت مشعل را ہ ہے:لبنیٰ مشتاق کا فکری نشست سے خطاب

لاہور (21 فروری 2026) بانی و سرپرست اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ سیدہ فاطمہ الزہراء کی حیاتِ مبارکہ رہتی دنیا تک خواتین کے لیے کامل اسوۂ حسنہ ہے۔ آپؓ نے بیٹی، زوجہ اور والدہ کی حیثیت سے صبر، حیا، قناعت اور اعلیٰ کردار کی جو مثال قائم کی وہ پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ آج کے دور میں خاندانی و اخلاقی چیلنجز کا حل اسی میں ہے کہ ہم سیدہ کائناتؓ کے اسوہ کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔
دریں اثنا منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں سیدہ کائنات سیدہ فاطمہ الزہراء کے یومِ وصال کے موقع پر فکری نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے ہیڈ کوآرڈینیشن کونسل منہاج القرآن ویمن لیگ لبنیٰ مشتاق نے کہا کہ عصرِ حاضر کی عورت کو سیدہ فاطمہ الزہراؓ کی صفاتِ عالیہ حیا، صبر، عبادت گزاری اور خاندانی ذمہ داریوں کے توازن کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک نئی نسل کی تربیت سیدہ کائناتؓ کے اسوہ پر نہیں ہوگی، باوقار اور روشن مستقبل کی تشکیل ممکن نہیں۔ دیگر مقررین نے کہا کہ حضرت امام حسنؓ، حضرت امام حسینؓ اور حضرت زینبؓ جیسی عظیم شخصیات کی تربیت سیدہ فاطمہ الزہراؓ کے مثالی کردار کا عملی ثبوت ہے۔ آج کے دور میں خواتین اگر ان کی تعلیمات کو اپنالیں تو معاشرہ امن، سکون اور اخلاقی استحکام کی راہ پر گامزن ہوسکتا ہے۔فکری نشست میں حافظ سحر عنبرین، عائشہ مبشر، انیلا الیاس ڈوگر، صائمہ نور، عائشہ شبیر و دیگر نے شرکت کی۔

















تبصرہ