منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کی طرف سے 1200 سے زائد خاندانوں میں رمضان فوڈ پیکیج تقسیم
انسانیت کی خدمت دین کی خدمت ہے: ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور
بابرکت مہینے کی برکتیں سمیٹنے کے لئے فوڈ پیکج تقسیم کئے جا رہے ہیں: سید امجد علی شاہ

لاہور (23فروری2026) منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کی طرف سے 1200 سے زائد مستحق خاندانوں میں رمضان فوڈ پیکیج تقسیم کئے گئے ان فوڈ پیکیجز میں مہینے بھر کا راشن اور روزمرہ کی مختلف استعمال کی اشیائے خورونوش شامل ہیں۔ ایک سروے کے تحت مستحق افراد کا ڈیٹا اکٹھا کیا گیا اور پھر انہیں ایک کوپن جاری کیا گیا تاکہ اُنہیں ان کی باری پر باعزت طریقے سے فوڈ پیکیج مہیا کیا جا سکے۔
رمضان فوڈ پیکیجز تقسیم کرنے کے موقع پر ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور، منہاج یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد، اور ڈائریکٹر پراجیکٹس اینڈ انسٹی ٹیوشنز منہاج ویلفیئر فائونڈیشن سید امجد علی شاہ شامل تھے۔ ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کا انسانیت دوست پودا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے لگایا جو آج تن آور درخت بن چکا ہے اور اس کی چھائوں سے ہر سال ہزار ہا مستحقین فائدہ اٹھاتے ہیں، منہاج یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں منہاج ویلفیئر فائونڈیشن اور اس کے ڈائریکٹر پراجیکٹس اینڈ انسٹی ٹیوشنز سید امجد علی شاہ کو صمیم قلب سے مبارکباد پیش کرتا ہوں جو دن رات ایک کر کے مستحقین کا ڈیٹا جمع کرتے ہیں اور پھر اُن تک باوقار طریقے سے یہ فوڈ پیکیج پہنچاتے ہیں۔ رمضان المبارک میں مستحقین تک اشیائے خورونوش پہنچانا ایک بہت بڑی خدمت ہے۔ ہر وہ شخص اس خدمت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے جسے اللہ نے مالی آسودگی عطا کررکھی ہے۔
سید امجد علی شاہ نے فوڈ پیکیج تقسیم کرنے کی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس بابرکت مہینے کی برکتیں سمیٹنے کے لئے مستحقین کے سحر و افطار کو آسان بنانے کے لئے فوڈ پیکیج تقسیم کئے جارہے ہیں، آج ہم نے 1200 خاندانوں میں فوڈ پیکیج تقسیم کئے ہماری دعا ،نیت اور خواہش ہے کہ ہم ہر روز 12 ہزار خاندانوں تک یہ فوڈ پیکیج پہنچائیں۔ بہت سارے سفید پوش ایسے ہیں کہ جو اپنی زبان پر سوال نہیں لاپاتے یہی وہ مستحق ہیں کہ جن کی خاموشی کے ساتھ مدد کی جائے، انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ سالہا سال ضرورت مندوں کی مدد فرماتے مگر رمضان المبارک میں اُن کی سخاوت اپنے عروج کو پہنچ جاتی تھی اور آپ کسی سوالی کو بھی خالی ہاتھ نہ جانےدیتے، مستحقین اور ضرورت مندوں کی مدد کرنا یہ حضور نبی اکرمؐ کی مبارک سُنت بھی ہے۔


















تبصرہ