تحریک منہاج القرآن تحصیل لالیاں کے زیرِاہتمام 5 روزہ دروسِ عرفان القرآن کی دوسری نشست منعقد

لالیاں (ضلع چنیوٹ): علامہ فیاض بشیر قادری نے تحریک منہاج القرآن تحصیل لالیاں ضلع چنیوٹ کے زیرِاہتمام جاری ’’5 روزہ دروسِ عرفان القرآن‘‘ کی جامع مسجد غوثیہ سٹی لالیاں میں منعقدہ نشست سے ’’خاندانی استحکام میں زوجین کا کردار‘‘ کے موضوع پر قرآن و سنت کی روشنی میں تفصیلی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک مثالی اسلامی گھرانے کی بنیاد باہمی محبت، احترام اور ایثار پر قائم ہوتی ہے۔ میاں بیوی کو ایک دوسرے کا ’’لباس‘‘ قرار دیا گیا ہے، جس سے مراد ایک دوسرے کی پردہ پوشی کرنا، عیبوں کو چھپانا اور باہمی وقار میں اضافہ کرنا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ خاندانی استحکام کا راز محض حقوق کے مطالبے میں نہیں بلکہ ایک دوسرے کے جذبات کا احترام کرنے، درگزر سے کام لینے اور چھوٹی چھوٹی لغزشوں کو معاف کرنے میں مضمر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میاں بیوی کے خوشگوار تعلقات ہی اولاد کی بہترین ذہنی اور اخلاقی تربیت کا ذریعہ بنتے ہیں۔ گھر کا پُرامن ماحول بچوں کو ایک باکردار اور ذمہ دار شہری بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے اس امر پر بھی روشنی ڈالی کہ گھر کی تعمیر و تشکیل صرف مرد یا عورت کی ذمہ داری نہیں بلکہ دونوں کے باہمی تعاون اور اللہ تعالیٰ کی مقرر کردہ حدود کی پاسداری سے ہی گھر جنت کا نمونہ بنتا ہے۔
نشست میں خواتین سمیت اہلِ علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی، نشست کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، امن و استحکام اور امتِ مسلمہ کی فلاح کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
























تبصرہ