تحریک منہاج القرآن مریدکے کے زیرِاہتمام دروسِ عرفان القرآن کی دوسری نشست کا انعقاد

مریدکے: علامہ عدنان وحید قاسمی نے تحریک منہاج القرآن مریدکے کے زیرِاہتمام پانچ روزہ دروسِ عرفان القرآن کی دوسری نشست سے قرآن و سنت کی روشنی میں خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ علمِ دین محض معلومات کا نام نہیں بلکہ یہ انسان کی فکری، اخلاقی اور روحانی تربیت کا ذریعہ ہے۔ جب تک انسان قرآنِ مجید کو سمجھ کر اپنی زندگی کا حصہ نہیں بناتا، اس وقت تک حقیقی تبدیلی ممکن نہیں۔
انہوں نے موجودہ دور کے فتنوں، فکری انتشار اور اخلاقی زوال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو بالخصوص صحیح دینی رہنمائی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا اور جدید ذرائع ابلاغ کے اس دور میں غلط معلومات اور گمراہ کن نظریات تیزی سے پھیل رہے ہیں، اس لیے مستند علماء سے رہنمائی اور قرآن و حدیث کا گہرا مطالعہ ناگزیر ہے۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ سیرتِ طیبہ ﷺ ہمارے لیے مکمل نمونۂ حیات ہے۔ اگر ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کو حضور نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات کے مطابق ڈھال لیں تو معاشرتی ناانصافیاں، بے چینی اور اخلاقی بحران کا خاتمہ ممکن ہے۔
نشست میں علمائے کرام، سیاسی و سماجی شخصیات سمیت شہر بھر سے مرد و خواتین اور بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔






















تبصرہ