شبِ قدر اللہ کی رحمتوں کے بے حساب نزول کی رات ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری
شبِ قدر حضور نبی اکرم ؐکی امت کے لیے اللہ کا خصوصی تحفہ ہے
حضور ؐ کی سیرت طیبہ سچائی، امانت اور اعلیٰ اخلاق کا کامل نمونہ ہے
سچائی تمام نیکیوں کی بنیاد ہے، بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن
منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں اخلاقی و روحانی تربیتی مجالس کی چھٹی نشست سے خطاب

لاہور (16 مارچ 2026) بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ شبِ قدر اللہ تعالیٰ کی رحمتوں، برکتوں اور نعمتوں کے بے حساب نزول کی رات ہے اور یہ حضور نبی اکرم ﷺ کی امت کے لیے اللہ تعالیٰ کا عظیم تحفہ ہے۔ اس مبارک رات میں قرآن مجید کا نزول ہوا اور اس ایک رات کی عبادت ہزار مہینوں کی عبادت سے افضل قرار دی گئی ہے۔ وہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی سیکرٹریٹ میں “حضور نبی اکرم ﷺ کے اخلاقِ کریمانہ” کے موضوع پر منعقدہ چھٹی اخلاقی و روحانی تربیتی نشست اور 27ویں رمضان المبارک کی شبِ قدر کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ شبِ قدر بندۂ مومن کے لیے مغفرت، قربِ الٰہی اور روحانی بلندی حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے۔ اس رات اہلِ ایمان کو چاہیے کہ اخلاص کے ساتھ عبادت، تلاوتِ قرآن، ذکر و دعا اور محاسبۂ نفس کے ذریعے اللہ تعالیٰ کی رحمتوں سے فیض یاب ہوں۔ انہوں نے کہا کہ 27ویں شب دلوں کو اللہ کی یاد سے زندہ کرنے، گناہوں سے توبہ کرنے اور اپنے باطن کو محبت، رحمت اور خیر کے جذبات سے بھرنے کا سنہری موقع فراہم کرتی ہے۔ اس رات اللہ کی رحمت اپنے عروج پر ہوتی ہے اور اللہ سے مانگنے والے کبھی محروم نہیں رہتے۔ شیخ الاسلام نے حضور نبی اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ ﷺ کی پوری زندگی سچائی، امانت، رحم، محبت اور اعلیٰ اخلاق کا کامل نمونہ ہے۔ حضرت خدیجہ الکبریٰؓ نے بھی حضور ﷺ کی جن عظیم صفات کا ذکر کیا ان میں صدق الحدیث یعنی ہمیشہ سچ بولنا نمایاں وصف ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدق محض سچ بولنے کا نام نہیں بلکہ انسان کے ظاہر و باطن، دل و زبان اور عمل میں مکمل ہم آہنگی کا نام ہے۔ سچائی انسان کی شخصیت کو مضبوط اور معاشرے میں اعتماد کو فروغ دیتی ہے، جبکہ جھوٹ انسان کے اندر اضطراب اور بے سکونی پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجیات کے ماہرین کے مطابق اعتماد کسی بھی معاشرے کا سب سے بڑا سرمایہ ہوتا ہے اور حضور نبی اکرم ﷺ کی حیاتِ طیبہ اس کی روشن مثال ہے کہ اعلانِ نبوت سے پہلے بھی اہلِ مکہ آپ ﷺ کو صادق و امین کے لقب سے یاد کرتے تھے۔
نشست میں چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، خرم نواز گنڈاپور، ڈاکٹر غزالہ قادری، فضہ حسین قادری، شیخ محمد اسلم قادری، حاجی عبدالغفور قادری سمیت علماء و مشائخ، قائدین تحریک منہاج القرآن اور مختلف فورمز کے نمائندگان کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔


















تبصرہ