آپ ﷺ کی ذات اقدس کامل سچائی کا مظہر ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری
سچا مومن وہی ہے جس کا ظاہر و باطن تضاد سے پاک ہو، بانی و سرپرست اعلیٰ منہاج القرآن
منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں اخلاقی و روحانی تربیتی مجالس کی 7ویں نشست سے خطاب

لاہور(17مارچ 2026) بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ’’حضور نبی اکرم ؐ کے اخلاقِ کریمانہ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ 7ویں اخلاقی و روحانی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ؐ کی ذات اقدس کامل سچائی کا مظہر ہے۔ سچا مومن وہی ہے جس کا ظاہر و باطن تضاد سے پاک ہو۔ انسان کے قول، نیت ،ارادہ، وعدہ، عمل اور معاملات اگر سچائی پر قائم ہوں تو ہی وہ حقیقی معنوں میں ’’صدق‘‘ کے مقام کوحاصل کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ام المومنین حضرت خدیجۃ الکبریٰؓ نے نزول وحی کے بعد حضور نبی اکرمؐ کی جن صفات کا ذکر کیا وہ سیرت نبویؐ کا پہلا جامع تعارف ہیں جن میں ’’صدق الحدیث‘‘ بنیادی وصف ہے یعنی آپؐ کی ذات مبارکہ ظاہر و باطن میں مکمل سچائی کا پیکر تھی۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ سچائی محض زبان سے سچ بولنے کا نام نہیں بلکہ یہ انسان کی پوری شخصیت کا احاطہ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید میں سچائی کو بلند ترین مقام دیا گیا ہے اور اہل ایمان کو حکم دیا گیا ہے کہ تقویٰ اختیار کریں اور سچائی کا ساتھ دیں کیونکہ نیک صحبت انسان کو سچائی کی منزل تک پہنچا دیتی ہے، انہوں نے موجودہ دور کے اخلاقی زوال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نفس کی مکاریاں اور عقل کی عیاریاں سچائی اور دیانت کو کمزور کررہی ہیں، انہوں نے زور دیا کہ اُمت مسلمہ سیرت نبویؐ سے رہنمائی لے کر اپنی زندگیوں میں سچائی کو فروغ دے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قیامت کے دن انسان کے اعمال نہایت باریکی سے پرکھے جائیں گے اور اس کے اعضا اور زمین بھی گواہی دیں گے، اس لئے مومن کو دنیاوی کاموں کی بجائے آخرت کی کامیابی کو اپنا ہدف بنانا چاہیے، حضور نبی اکرمؐ کی سیرت طیبہ ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ انسان اپنی شخصیت کو اس قدر سچائی سے مزین کرے کہ وہ خود سچائی کی پہچان بن جائے یہی راستہ اللہ تعالیٰ کی محبت، قربت الٰہی اور دائمی کامیابی کی طرف لے جاتا ہے۔
نشست میں چیئرمین سپریم کونسل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، ڈاکٹر غزالہ حسن قادری، فضہ حسین قادری، خرم نواز گنڈاپور، اظہر صدیق ایڈووکیٹ، شہباز اسلم، بیرسٹر عامر حسن، بریگیڈیئر(ر) عمر حیات، کرنل(ر) خالد جاوید، ڈاکٹر رفیق نجم، جواد حامد، سعید رضا بغدادی سمیت علماء، مشائخ، قائدین تحریک منہاج القرآن، مختلف فورمز کے نمائندگان کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔


















تبصرہ