پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے: پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری
بین المذاہب رواداری اور مکالمہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے
پائیدار امن کےلئے مذہبی رواداری اور باہمی احترام ناگزیر ہے: صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل
پاکستان کی پہلی یونیسکو چیئر منتخب ہونے پر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کو شیلڈ پیش کی گئی
نولکھا پریسبیٹیرین چرچ میں 25 ویں بین المذاہب عید ملن پروگرام کی تقریب سے خطاب

لاہور (27 مارچ 2025) صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل اور منہاج یونیورسٹی لاہور کے ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ دینِ اسلام مذہبی اقلیتوں کو مکمل تحفظ اور مذہبی آزادی فراہم کرتا ہے۔ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہاں تمام اقلیتیں آزادانہ طور پر اپنی عبادات اور مذہبی روایات پر عمل پیرا ہو سکتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نولکھا پریسبیٹیرین چرچ کے زیرِاہتمام منعقدہ 25ویں سالانہ بین المذاہب عید ملن پروگرام میں بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر تے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کو پاکستان کی پہلی یونیسکو چیئر منتخب ہونے پر اعزازی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔
پروفیسرڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ بین المذاہب رواداری اور مکالمہ آج کے دور کی اہم ترین ضرورت ہے، جس کے فروغ سے معاشرے میں امن، استحکام اور باہمی احترام کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی تقریبات مختلف مذاہب کے درمیان فاصلے کم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی میں تحریک منہاج القرآن گزشتہ کئی دہائیوں سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں امن، محبت، برداشت اور بھائی چارے کا پیغام عام کر رہی ہے، جس سے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہو رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ معاشرے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ضروری ہے کہ مختلف مذاہب اور ثقافتوں کے ماننے والے ایک دوسرے کے عقائد کا احترام کریں اور مشترکہ انسانی اقدار کو فروغ دیں۔ پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے گزشتہ 25 برسوں سے بین المذاہب تقاریب کے انعقاد پر ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔
تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر انٹر فیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل سُہیل احمد رضا نے نولکھا پریسبیٹیرین چرچ آف پاکستان کی انتظامیہ کو اس شاندار تقریب کے انعقاد مبارکباد پیش کی اور پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کو شیلڈ پیش کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں ڈاکٹر بشپ آزاد مارشل، فادر آصف سردار، بشپ منورمل، لیاقت بلوچ، حافظ طاہر محمود اشرفی، سینیٹر کامران مائیکل، ایم پی اے طارق گِل، مفتی عاشق حسین، علامہ شکیل الرحمن، فادر نقاش، ریورنڈ عمانیول کھوکھر، رجسٹرار منہاج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر خرم شہزاد سمیت مختلف سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔


















تبصرہ