دنیا عالمی امن کیلئے سیرت طیبہ کا مطالعہ کرے شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہرالقادری
آپؐ نے کرہ ارض پر پہلی بار جنگ کے اصول اور اخلاقیات کے پیمانے مقرر فرمائے
انتہا پسندی کا حل تعلیمات نبویؐ میں مضمر ہے، پرتگال (لزبن) میں منعقدہ ”سیرت النبیؐ و امن عالم کانفرنس“ سے خطاب
لاہور (30مارچ 2026) بانی و سرپرست اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اسلامک سنٹر پرتگال (لزبن) میں منعقدہ ”سیرت النبیؐ و امن عالم کانفرنس“ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا عالمی امن کیلئے سیرت طیبہ کا مطالعہ کرے۔ آپؐ نے کرہ ارض پر پہلی بار جنگ کے اصول اور اخلاقیات کے پیمانے مقرر فرمائے۔ فتح مکہ کی عام معافی جیسی کوئی ایک مثال آج تک دنیا کا کوئی فاتح پیش نہیں کر سکا۔ اللہ تعالیٰ نے انسان کی تخلیق مادی ترقی کے لیے نہیں بلکہ روحانی و اخلاقی کمال حاصل کرنے کے لیے فرمائی۔ اللہ کی زمین کو فساد سے بچانا، اسے امن و انصاف کا گہوارہ بنانا کرہ ارض پر بسنے والے ہر باسی پر فرض ہے۔ دنیا کا کوئی مذہب خواہ وہ الہامی ہو یا غیر الہامی بے گناہ انسانوں کو قتل کرنے اور ظلم و جبر سے روکتا ہے۔ قیامت کے روز اللہ اپنی زمین کے اسباب، اثمارواناج اور نعمتوں کے ضیاع اور بلاجواز نقصان پہنچائے جانے پر باز پرس کرے گا۔ اسلام نے خونی جنگ و جدل خون ریزی، کمزوروں کی بزور طاقت حق تلفی اور انہیں جبراً غلام بنانے کی روش کو یکسر مسترد کیا ہے۔ اسلام نے ہر شخص کی مذہبی، قومی، خاندانی، سیاسی و سماجی شناخت کو تحفظ اور حقوق و فرائض کا جامع تصور دیا، ہر معاشرے اور سماج کو آج رواداری، اعتدال جیسی اعلیٰ اخلاقی اقدار کی ضرورت ہے۔ انسانی زندگی بہت قیمتی ہے اس کا احترام اور تحفظ کیا جائے۔
کانفرنس میں چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج یورپین کونسل بلال اپل، سرپرست منہاج القرآن پرتگال محمد صغیر، صدر منہاج القرآن پرتگال کاشف نذیر سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنی والی نمایاں شخصیات، دانشوروں اور کمیونٹی نمائندگان نے شرکت کی۔ اس موقع پر سکھ کمیونٹی کے رہنماؤں اور اسلامک سنٹر لزبن کے عہدیداران و اراکین کی شرکت نے بین المذاہب رواداری اور بھائی چارے کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔


















تبصرہ