اولیائے کرام کی تعلیمات امن و محبت کا سرچشمہ ہیں: پروفیسر ڈاکٹر حسین قادری
خواجہ غلام قطب الدین فریدیؒ (مرحوم) نے ہمیشہ تفرقہ مٹانے اور یگانگت کو فروغ دینے کی جدوجہد کی
صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل کا ایوان اقبال میں خواجہ غلام قطب الدین فریدیؒ کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب

لاہور(31مارچ 2026) صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے معروف علمی و روحانی شخصیت سجادہ نشین آستانہ عالیہ گڑھی شریف خواجہ غلام قطب الدین فریدیؒ کی یاد میں ایوان اقبال لاہور میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اولیائے کرام کی زندگیاں تضادات سے پاک اور انسانیت کے لئے مشعل راہ ہوتی ہیں، اہل اللہ کا ہر عمل محبت، رواداری اور اخوت کو فروغ دیتا ہے، پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ صوفیا کرام نے ہمیشہ امن، محبت اور فلاح انسانیت کا درس دیا اور یہی تعلیمات آج کے دور میں مزید اہمیت اختیار کر چکی ہیں، پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خواجہ غلام قطب الدین فریدیؒ کی دینی،علمی اور روحانی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے پوری زندگی اتحاد اُمت، یگانگت اور بھائی چارے کے فروغ کے لئے وقف کیے رکھی، ان کی شخصیت ایک روشن مثال تھی جو معاشرے میں محبت، رواداری اور ہم آہنگی پیدا کرنے کا ذریعہ بنی۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ غلام قطب الدین فریدیؒ نے ہمیشہ تفرقہ مٹانے اور یگانگت کو فروغ دینے کی جدوجہد کی۔ ان کی شخصیت اتحاد و یگانگت کا روشن نمونہ تھی۔ وہ صوفیا کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ہمیشہ دوسروں کو راحت پہنچانے کا درس دیتے رہے۔ تعزیتی ریفرنس میں جید علماء و مشائخ عظام، پیران کرام، مذہبی، سیاسی، سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔


















تبصرہ