شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان کے انتقال پر اظہار افسوس

مورخہ: 31 مارچ 2026ء

بریگیڈیئر(ر) اقبال احمد خان کی رحلت تحریک منہاج القرآن کے لئے بہت بڑا صدمہ ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

Tahir ul Qadri Condolence Brigadier Iqbal Khan 2026

لاہور (31 مارچ 2026) بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے نائب صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان تحریک منہاج القرآن کے عظیم راہنما اور سرمایہ تھے۔ اُن کی تحریک منہاج القرآن کے لئے تاریخی اور ناقابل فراموش خدمات ہیں، وہ ایک مخلص، دیانتدار، فرض شناس، ملنسار اور بااخلاق شخصیت کے مالک تھے۔ تحریک منہاج القرآن کے لئے بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان کی خدمات قابل تحسین اور قابل تقلید ہیں۔ مرحوم زندگی کی آخری سانس تک مصطفوی مشن کے ساتھ وابستہ رہے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان کے درجات بلند فرمائے، بخشش و مغفرت فرمائے۔ اللہ تعالیٰ سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے نائب صدر بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان منہاج القرآن انٹرنیشنل کے راہنما اور قیمتی اثاثہ تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ مصطفوی مشن کی خدمت اور فروغ دین کے لئے وقف کئے رکھا۔ اللہ تعالیٰ بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور اُن کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور، جی ایم ملک، نائب ناظمین اعلیٰ ڈاکٹر رفیق نجم، بریگیڈیئر (ر) عمر حیات، علامہ رانا محمد ادریس، نوراللہ صدیقی، جواد حامد، کرنل (ر) خالد جاوید، رانا فیاض احمد خان، مظہر محمود علوی، عرفان یوسف، ڈاکٹر میر آصف اکبر قادری، حاجی منظور حسین، شاہد لطیف، اقبال حسین باجوہ، ایوب انصاری، چودھری محمد ریاض، امتیاز اعوان سمیت دیگر راہنماؤں نے بھی بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان کے انتقال پر دکھ اور افسوس کااظہار کرتے ہوئے ان کی بخشش اور مغفرت کے لئے دعا کی۔

دریں اثناء بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان (مرحوم) کی نماز جنازہ 2اپریل (جمعرات) کو نماز ظہر کے بعد جامع مسجد DD فیز 4 ڈی ایچ اے لاہور میں ادا کی جائے گی۔ نماز جنازہ میں تحریک منہاج القرآن کے مرکزی، صوبائی، ضلعی رہنماؤں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی دیگر شخصیات شرکت کریں گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top