منہاج القرآن لاہور کا ماہانہ اجلاس، اہم تنظیمی فیصلے
عشقِ مصطفیٰ ﷺ ایمان کی روح اور اصلاحِ اعمال کا ذریعہ ہے: علامہ رانا محمد ادریس
لاہور میں نئے مراکزِ علم کے قیام کے لیے جامع منصوبہ بندی کر رہے ہیں: اقبال حسین باجوہ

لاہور (5 اپریل 2026) تحریک منہاج القرآن لاہور کا ماہانہ اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، جس کی صدارت صدر تحریک منہاج القرآن لاہور کے صدر اقبال حسین باجوہ نے کی۔ نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل علامہ رانا محمد ادریس نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔ ناظم لاہور ناظم علی رحمت سمیت ضلعی ذمہ داران، پی پی صدور اور دیگر عہدیداران بھی اجلاس میں شریک تھے۔ اجلاس میں دروسِ عرفان القرآن، حلقاتِ درود، مراکزِ علم کے قیام، ممبر سازی مہم، دروس عرفان القرآن سمیت دیگر تنظیمی امور پر تفصیلی مشاورت کے بعد اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ قرآن مجید انسانیت کے لیے مکمل ضابطۂ حیات ہے، اس کی تلاوت، فہم اور اس کے احکامات پر عمل ہی دنیا و آخرت میں کامیابی کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن سے مضبوط تعلق کے بغیر کوئی معاشرہ حقیقی اصلاح اور فلاح حاصل نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات کا بنیادی مقصد انسان کے ظاہر و باطن کی اصلاح ہے، اور جب انسان قرآن و سنت کی روشنی میں زندگی گزارتا ہے تو اس کے کردار میں اعتدال، نرمی اور توازن پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عشقِ مصطفیٰ ﷺ ایمان کی روح ہے، اور حضور نبی اکرم ﷺ کی محبت انسان کو گناہوں سے دور اور نیکیوں کے قریب لے آتی ہے۔ محبتِ رسول ﷺ سے دل و کردار سنورتے ہیں اور زندگی سنتِ نبوی کا عملی نمونہ بن جاتی ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ نوجوان نسل کو قرآن فہمی اور سیرتِ مصطفیٰ ﷺ سے جوڑنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ دروسِ قرآن، حلقاتِ درود اور مراکز علم کے ذریعے معاشرے میں روحانیت اور اخلاقی اقدار کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تحریک منہاج القرآن اپنی دعوتی و اصلاحی سرگرمیوں کے ذریعے قرآن و سنت کے پیغام کو عام کرتی رہے گی اور معاشرے میں محبت، امن اور رواداری کے فروغ کے لیے کردار ادا کرتی رہے گی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر تحریک منہاج القرآن لاہور اقبال حسین باجوہ نے کہا کہ مراکزِ علم کا قیام تحریک کے بنیادی اہداف میں شامل ہے، اور اس سلسلے میں کوششوں کو مزید تیز کیا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو دینی و فکری رہنمائی فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں نئے مراکزِ علم کے قیام کے لیے جامع منصوبہ بندی جاری ہے اور ذمہ داران کو ہدایات دی جا چکی ہیں کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں اس حوالے عملی اقدامات کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تنظیمی امور کو مضبوط بنانے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے، جس میں کارکنان کی تربیت، باقاعدہ میٹنگز اور رابطہ مہم و ممبر سازی مہم شامل ہیں، تاکہ تنظیم کو گراس روٹ لیول تک مستحکم کیا جا سکے۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے ناظم لاہور ناظم علی رحمت نے کہا کہ تنظیمی نظم و ضبط اور باہمی رابطہ ہی کامیابی کی بنیاد ہے، دعوتی و تنظیمی سرگرمیوں کو مؤثر بنانے کے لیے ہر سطح پر عملی کردار ادا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اجلاس میں کیپٹن (ر) عبدالمجید، حاجی خالد محمود، ممتاز احمد کھچی، حاجی منیر احمد، علامہ احسن اویس، معین احمد صدیقی، ممتاز حسین، ذو القرنین خان، ذوالفقار علی اعوان، محمد انور قادری، محمد احمد طاہر، محمد ریحان، حمزہ رزاق سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔


















تبصرہ