منہاج القرآن کے ادارے شیخ الاسلام کے ویژن کی عملی تعبیر ہیں، یونیسکو چیئر اسی تسلسل کی اہم کڑی ہے: ساجد محمود شہزاد

لاہور: وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری (ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی لاہور و صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل) کو یونیسکو کی جانب سے چیئر برائے تعلیم، امن اور بین الثقافتی مکالمہ تفویض کئے جانے کے اعزاز میں منہاجینز فورم کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور پر منعقدہ تقریبِ تحسین سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کو یونیسکو چیئر برائے تعلیم، امن اور بین الثقافتی مکالمہ ملنے پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے چار دہائیاں قبل جس ویژن کی بنیاد رکھی گئی تھی، آج وہ حقیقت کا روپ دھار چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے قائم ہونے والے ادارے اس ویژن کی عملی تعبیر ہیں اور یہ اعزاز اسی تسلسل کی ایک نمایاں کڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری محض ایک شخصیت نہیں بلکہ ایک ادارہ ہیں، جن کی قیادت میں رہنے والے افراد نہ صرف علمی رہنمائی حاصل کرتے ہیں بلکہ زندگی کے مختلف شعبہ جات میں سیکھنے کے بے شمار مواقع بھی پاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری ایک ممتاز محقق، ماہرِ معاشیات اور سماجی سائنسدان ہیں، جن کی علمی مہارت زندگی کے مختلف پہلوؤں پر محیط ہے۔ ان کی تحقیق اور فکری کاوشیں نہ صرف تعلیمی میدان میں رہنمائی فراہم کرتی ہیں بلکہ معاشرتی بہتری اور پائیدار ترقی کے لئے بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی لاہور نے کہا کہ یونیسکو ایک عالمی ادارہ ہے جو 1945ء میں قائم ہوا اور آج اس کے سینکڑوں ممالک رکن ہیں، جہاں تعلیم، امن اور مکالمے کے فروغ کے لئے نمایاں کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس عالمی سطح پر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کو اعزاز تفویض ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ ان کی خدمات بین الاقوامی سطح پر نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھی جا رہی ہیں، یہ اعزاز اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ اب یونیسکو چیئر کے تحت ہونے والی علمی، تحقیقی اور مکالماتی سرگرمیوں کا مرکز منہاج یونیورسٹی لاہور ہوگا، جہاں ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی قیادت میں اس کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔
انہوں نے اختتام کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ منہاج یونیورسٹی لاہور کی پوری ٹیم اس عالمی ذمہ داری کو احسن انداز میں نبھانے کے لیے متحد ہو کر کام کرے گی اور پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی رہنمائی میں تعلیم، امن اور بین الثقافتی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔






















تبصرہ