یونیسکو چیئر کی تفویض پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری اور منہاج یونیورسٹی کی خدمات کا عالمی اعتراف ہے: پروفیسر ڈاکٹر خرم شہزاد

Registrar MUL Khurram Shahzad on UNESCO Chair

رجسٹرار منہاج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر خرم شہزاد نے پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری (ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی لاہور و صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل) کو یونیسکو کی جانب سے چیئر برائے تعلیم، امن اور بین الثقافتی مکالمہ تفویض کئے جانے کے اعزاز میں منہاجینز فورم کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور پر منعقدہ تقریبِ تحسین سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کو یونیسکو چیئر برائے تعلیم، امن اور بین الثقافتی مکالمہ ملنا نہ صرف آپ کی بصیرت افروز قیادت کا اعتراف ہے بلکہ منہاج یونیورسٹی لاہور اور پاکستان کے لئے ایک تاریخی سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یونیسکو چیئر پروگرام کا آغاز 1992ء میں ہوا اور آج دنیا کے سینکڑوں ممالک میں ایک ہزار سے زیادہ چیئرز قائم ہیں، جن کے تحت ہزاروں محققین اور ماہرین تعلیم ایک عالمی نیٹ ورک کے ذریعے تحقیق، تعلیم، سائنسی و ثقافتی ترقی اور معاشی مسائل کے حل کے لئے کام کر رہے ہیں۔ یہ چیئرز اُن اداروں اور شخصیات کو دی جاتی ہیں جو علمی میدان میں نمایاں کارکردگی اور تحقیق کے فروغ میں منفرد مقام رکھتے ہوں، عالمی سطح پر امن کے فروغ کے لئے قائم یونیسکو چیئرز یورپ، امریکہ اور افریقہ سمیت مختلف خطوں میں سرگرم عمل ہیں اور اب منہاج یونیورسٹی لاہور کا اس عالمی نیٹ ورک میں شامل ہونا پاکستان کے لئے ایک بڑا اعزاز ہے، کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان علمی و تحقیقی میدان میں عالمی سطح پر اپنی شناخت مستحکم کر رہا ہے۔

رجسٹرار منہاج یونیورسٹی لاہور نے پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کو ایک وژنری سکالر، ماہرِ معاشیات اور ممتاز سماجی سائنسدان قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپ کی تحقیق روایتی اسلامی علوم اور جدید سماجی و معاشی نظریات کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کرتی ہے۔ آپ کی علمی کاوشیں پائیدار ترقی، سماجی ہم آہنگی، بین الثقافتی مکالمہ اور تعلیم برائے امن جیسے موضوعات پر مرکوز ہیں، جو عصرِ حاضر کے اہم تقاضوں میں شامل ہیں، گزشتہ ایک دہائی کے دوران پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی قیادت میں منہاج یونیورسٹی لاہور میں متعدد ریسرچ و ٹریننگ سینٹرز قائم کیے گئے، جن میں پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ، اسلامک اکنامکس اور دیگر عالمی معیار کے تحقیقی مراکز شامل ہیں۔ ان اداروں نے تحقیق، تربیت اور علمی مکالمے کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اور یہی ماحول یونیسکو چیئر کے مقاصد کے حصول میں معاون ثابت ہوگا۔

پروفیسر ڈاکٹر خرم شہزاد نے اختتام کرتے ہوئے کہا کہ آج کی دنیا کو انتہا پسندی، مذہبی و نسلی تقسیم، جنگوں، ماحولیاتی تبدیلی اور سماجی عدم استحکام جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔ ایسے حالات میں تعلیم برائے امن اور بین الثقافتی مکالمہ وقت کی اہم ترین ضرورت بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی لاہور میں یونیسکو چیئر کا قیام ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایک مؤثر علمی اقدام ہے۔

Registrar MUL Khurram Shahzad on UNESCO Chair

Registrar MUL Khurram Shahzad on UNESCO Chair

Registrar MUL Khurram Shahzad on UNESCO Chair

Registrar MUL Khurram Shahzad on UNESCO Chair

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top