پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کو یونیسکو چیئر کی ذمہ داری تفویض ہونا درحقیقت پوری تحریک کے لئے باعثِ فخر ہے: شاہد لطیف

President Minhajians Shahid Latif on UNESCO Chair

لاہور: صدر منہاجینز فورم شاہد لطیف نے پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری (ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی لاہور و صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل) کو یونیسکو کی جانب سے چیئر برائے تعلیم، امن اور بین الثقافتی مکالمہ تفویض کئے جانے کے اعزاز میں منہاجینز فورم کے زیرِاہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور پر منعقدہ تقریبِ تحسین سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج کی یہ تقریب محض ایک اعزاز کی تقریب نہیں بلکہ دو اہم پہلوؤں پر مشتمل ہے: ایک اپنی قیادت کے ساتھ اظہارِ نسبت اور دوسرا اس عظیم کامیابی کے حوالے سے آگاہی (Awareness) پیدا کرنا۔

انہوں نے تحریک منہاج القرآن کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند دہائیوں میں تحریک نے جس انداز سے عالمی سطح پر مقام حاصل کیا ہے، یہ اس کی مخلص قیادت، فکری گہرائی اور مسلسل محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کو یونیسکو چیئر کی ذمہ داری تفویض ہونا درحقیقت پوری تحریک کے لئے باعثِ فخر ہے، تحریک منہاج القرآن کو اگر ایک ہیرے سے تشبیہ دی جائے تو یہ ہر زاویے سے اپنی الگ چمک رکھتی ہے اور ہر دیکھنے والا اپنی بصیرت اور ظرف کے مطابق اس کے اثرات محسوس کرتا ہے۔

انہوں نے اپنی گفتگو میں تین بنیادی نکات پر زور دیا: قیادت کی پہچان، تحریک کی علمی حیثیت اور اس کی مسلسل ترقی کا راز۔ عام قیادت اور تجدیدی قیادت میں واضح فرق ہوتا ہے۔ تجدیدی قیادت وہ ہوتی ہے جو اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے فیض کی حامل ہو، اور اس میں تین بنیادی اوصاف پائے جاتے ہیں: قابلیت، اہلیت اور طلب۔ انہوں نے کہا کہ خوش نصیبی سے تحریک منہاج القرآن کی قیادت ان تمام اوصاف کی حامل ہے۔

انہوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ کی علمی و فکری عظمت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی عطا کردہ تعلیمات اور علم کا دائرہ انتہائی وسیع ہے، جس کا بڑا حصہ ابھی بھی دنیا کے سامنے آنا باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک کی ترقی محض تنظیمی ڈھانچے یا ظاہری وسائل کی وجہ سے نہیں بلکہ اس کے پیچھے ایک گہری روحانی اور فکری قوت کارفرما ہے، تحریک کی کامیابی کا اصل راز قیادت کا دنیا سے بے نیاز ہونا اور اخلاص پر مبنی فکر ہے۔ یہی وہ عنصر ہے جس نے اس مشن کو عالمی سطح پر ایک منفرد مقام عطا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب قیادت کا دل دنیاوی مفادات سے آزاد ہو جائے تو پھر اس کی جدوجہد نسلوں کے ایمان اور کردار کی تشکیل کا ذریعہ بن جاتی ہے۔

انہوں نے اختتام کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ تحریک منہاج القرآن کا مشن آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ جاری رہے گا اور یہ قیادت علم، امن اور انسانیت کے فروغ کے لئے اپنی خدمات انجام دیتی رہے گی۔ انہوں نے حاضرین کو تاکید کی کہ وہ اپنی قیادت کی قدر پہچانیں اور اس فکر کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

President Minhajians Shahid Latif on UNESCO Chair

President Minhajians Shahid Latif on UNESCO Chair

President Minhajians Shahid Latif on UNESCO Chair

President Minhajians Shahid Latif on UNESCO Chair

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top