اگر علم شخصیت کا حصہ بن کر کردار، اخلاق اور فیصلہ سازی میں جھلکنے لگے تو یہاں سے اصل قیادت سازی کا آغاز ہوتا ہے: پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

لاہور: چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز، ماڈل ٹاؤن لاہور میں منعقدہ علمی و فکری سیشن بعنوان ’’اسلامی معیارِ قیادت‘‘ سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی قیادت وہی ہے جو دوسروں کو بھی لیڈر بنائے اور اپنی صلاحیتوں کو معاشرے کی بہتری کے لیے بروئے کار لائے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ اگر علم محض کتب تک محدود رہے تو وہ نافع نہیں بلکہ وہ علم شخصیت کا حصہ بن کر کردار، اخلاق اور فیصلہ سازی میں جھلکنے لگے تو یہی اصل قیادت سازی کا آغاز ہوتا ہے۔
انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر انسان میں اللہ تعالیٰ نے کوئی نہ کوئی منفرد خوبی ودیعت کی ہے اور انہی مخفی صلاحیتوں کو تلاش کرکے نکھارنا ہی قیادت سازی کہلاتا ہے، قرآنک لیڈرشپ اور قرآنک مینجمنٹ کے اصولوں کو سمجھ کر عملی زندگی میں نافذ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ایک کامیاب قائد وہ نہیں جو محض انتظامی امور سنبھالے بلکہ وہ ہے جو اپنی صحبت اور کردار کے ذریعے آئندہ نسل کے لیڈرز تیار کرے۔
انہوں نے اختتام کرے ہوئے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ اپنے علم کو اپنی شخصیت، عادات، اخلاق اور سرگرمیوں میں نمایاں کریں تاکہ وہ مستقبل میں ایک مثبت اور مؤثر قیادت کا کردار ادا کر سکیں۔ تقریب میں پرنسپل کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز پروفیسر ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، اساتذہ کرام اور طلبہ بالخصوص سینئر کلاسز کے طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔




























تبصرہ