منہاج القرآن کے زیراہتمام اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب 19 اپریل (اتوار) کو منعقد ہوگی

25 مستحق مسلم و مسیحی جوڑے نئی زندگی کا آغاز کریں گے
مستحق خاندانوں کی خوشیوں میں شریک ہونا حقیقی عبادت ہے: سید امجد علی شاہ

لاہور (15اپریل 2026) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے فلاحی شعبہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام غریب و مستحق بچیوں اور بچوں کی اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب 19 اپریل (اتوار) کو وائٹ کیسل ایونٹ کمپلیکس، رائیونڈ روڈ لاہور میں منعقد ہوگی، جس میں 25 مسلم اور مسیحی جوڑے نئی زندگی کا آغاز کریں گے۔ اجتماعی شادیوں کی تقریب کے شاندار اور منظم انعقاد کے لیے مختلف انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں، جو تقریب کے تمام امور کو احسن انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچائیں گی۔

ڈائریکٹر پراجیکٹس اینڈ انسٹی ٹیوشنز منہاج ویلفیئر فائونڈیشن سید امجد علی شاہ نے انتظامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام ہمیں غریبوں، محتاجوں اور کمزور طبقات کی مدد کا درس دیتا ہے۔ تحریک منہاج القرآن “مواخاتِ مدینہ” کے عظیم تصور پر عمل پیرا ہے۔ اجتماعی شادیوں کا انعقاد منہاج القرآن کا نمایاں فلاحی امتیاز بن چکا ہے۔ کم وسائل رکھنے والے خاندانوں کی خوشیوں میں شریک ہونا حقیقی عبادت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر میں تنظیمات اپنی مدد آپ کے تحت اجتماعی شادیوں کا اہتمام کرتی ہیں، جو ایک قابل تحسین عمل ہے اور اس کارِ خیر میں حصہ لینے والے تمام افراد مبارکباد کے مستحق ہیں۔ سید امجد علی شاہ نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی زیرسرپرستی تحریک منہاج القرآن تعلیم، صحت اور فلاح عام کے شعبوں میں بھرپور خدمات انجام دے رہی ہے اور مستحق افراد کی کفالت کو اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے۔ 19اپریل کی تقریب میں سیاسی، سماجی، مذہبی، شوبز، کھیلوں اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات کی شرکت کریں گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top