طلبا حاصل کردہ علم کو اپنے کردار کا حصہ بنائیں: پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
قرآن مجید بک آف سائنس ہے جو زندگی کے ہر شعبہ میں رہنمائی فراہم کرتی ہے
نوجوان قرآن مجید پر تدبر اور تفکر کریں: چیئرمین سپریم کونسل کا ’’معیار قیادت‘‘ کے موضوع پر لیکچر

لاہور (16 اپریل 2026) چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے سینئر کلاسز کے طلبا سے ’’معیار قیادت‘‘ کے موضوع پر لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ حقیقی قائد اور استاد وہ ہے جو طلبا میں قائدانہ اوصاف پیدا کرے۔ نوجوان حاصل کئے گئے علم کو اپنے کردار کا حصہ بنائیں۔ علم کردار اور گفتار میں نظر آنا چاہئے۔ قرآن مجید صرف ثواب کی کتاب نہیں بلکہ ایک کامیاب زندگی گزارنے کے تمام رہنما اصول فراہم کر تی ہے۔ قرآن بک آف سائنس ہے، جو سیاست، معاشرت، معیشت اور مثالی معاشرہ کے لئے تربیتی مواد فراہم کرتی ہے۔ نوجوان قرآن مجید پر تدبر اور تفکر کریں اور اس الوہی پیغام کو سمجھنے کی کوشش کریں جو اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب مکرم ﷺ کے ذریعے انسانوں کی رہنمائی کےلئے نازل کیا۔ قرآن مجید کو ترجمہ کے ساتھ سمجھنے سے ہی اس کا حق ادا ہو گا۔ کردار ایک وصف ہے جو کسی بھی انسان کو لازوال بناتا ہے۔ سطحی اور عارضی فوائد کےلئے اپنے کردار پر آنچ نہ آنے دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ محض کتابی علم کافی نہیں، بلکہ وہی علم نافع ہے جو انسان کے عمل، رویے اور فیصلوں میں نظر آئے۔ پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہر انسان کو منفرد صلاحیتوں سے نوازا ہے، اور انہی صلاحیتوں کو تلاش کرکے پروان چڑھانا ہی اصل قیادت سازی ہے۔ تقریب میں پرنسپل کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، ڈاکٹر مسعود احمد مجاہد، صابر حسین، ڈاکٹر شفاقت بغدادی، محب اللہ اظہر و دیگر اساتذہ کرام نے شرکت کی۔


















تبصرہ